
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جمعرات کو اعلان کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دورۂ ہندوستان کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت قبول کر لی ہے اور اس دورے کی تیاریاں جاری ہیں۔ روسی بین الاقوامی امور کی کونسل (RIAC) کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس ’’روس اور ہندوستان: ایک نئے دو طرفہ ایجنڈے کی طرف‘‘ میں ایک ویڈیو خطاب میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا: ’’وزیر اعظم مودی نے گزشتہ برس پھر سے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا دوطرفہ غیرملکی دورہ روس کا کیا۔ اب ہماری باری ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حکومتِ ہند کی دعوت قبول کر لی ہے۔ روسی سربراہ مملکت کے دورۂ ہند کی تیاریاں جاری ہیں۔‘‘
اس تقریب میں ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ویڈیو خطاب کیا۔ تاہم دونوں فریقوں نے اس دورے کی تاریخ پر روشنی نہیں ڈالی۔ دریں اثنا لاوروف نے روس یوکرین جنگ پر مسلسل ایک متوازن موقف برقرار رکھنے پر ہندوستانی حکومت اور ذاتی طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے بات چیت کے ذریعے حل کی وکالت کرنے اور تنازعہ کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی کوششوں کی حمایت کرنے پر ہندوستان کی تعریف کی۔
روس یوکرین جنگ پر ہندوستان کے موقف کی بھی تعریف کی
لاوروف نے کہا کہ ہم اس نقطہ نظر سے مکمل طور پر متفق ہیں اور بحران کے آغاز سے ہی ہم ایسے مذاکرات کے تیار ہیں جو تنازع کے خاتمے اور اس کی بنیادی وجوہات کو ختم کر کے ایک پائیدار امن کے قیام کا باعث بنے۔ روسی صدر کے اس متوقع دورے کو مضبوط بنیادوں پر استوار قرار دیتے ہوئے لاوروف نے کہا ’’(ہندوستان اور روس کے درمیان) تجارتی اور اقتصادی تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے اور ہم اس کو روکنے کے لیے بعض ناقدین کی کوششوں پر بھی کامیابی سے قابو پا رہے ہیں۔ 2024 میں باہمی تجارت 60 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو ہمارے جدید تعلقات کی پوری تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔‘‘
وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی ڈالی ہند-روس تعلقات پر روشنی
وہیںوزیر خارجہ جے شنکر نے ہندوستان اور روس کے تعلق کی پائیدار مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جڑیں ’’گہرے تاریخی تعلقات، اعتماد اور باہمی احترام کی ایک طویل روایت‘‘ میں پیوست ہیں، جو اور بھی گہری ہوتی جا رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا ’’ہندوستان اور روس نے علاقائی اور عالمی استحکام اور خوشحالی میں تعاون کرتے ہوئے، باہمی فائدے کے لیے نئے مواقع کو اپنانے اور دریافت کرنے کی قابل ذکر صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔