اسرائیلی حملے میں شام میں 4 منزلہ عمارت تباہ ہوگئی ہے۔ (اے ایف پی)
اسرائیلی فوج نے دمشق میں ایرانی سفارت خانہ کے قریب واقع ایک عمارت پربمباری کی، جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک انٹیلی جنس کمانڈرسمیت کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، تین اسرائیلی جنگی طیاروں نے مزہ کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ اس دھماکے کے فوری بعد کے مناظر کی ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہے شام میں حکومت نواز اتحاد کے ایک ذرائع نے خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو تصدیق کی ہے کہ حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ایک کمانڈر مارا گیا۔
شامی آبزرویٹری فارہیومن رائٹس، جوکہ حزبِ اختلاف کی جنگ پرنظررکھنے والی ایک تنظیم ہے، نے کہا کہ میزائل حملے میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوئے، جن میں پانچ ایرانی شہری اور ایک شامی شہری شامل ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کے یہ اہلکارحملے کے وقت ایک میٹنگ کر رہے تھے۔ آبزرویٹری کے سربراہ، رامی عبدالرحمان نے کہا کہ ان میں سے تین ایرانی کمانڈرتھے، جبکہ چاردیگر اب بھی ملبے تلے لاپتہ ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اسے ایرانی فوجی مشیراستعمال کرتے تھے۔ شامی خبررساں ایجنسی ’سانا‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کا نشانہ دارلحکومت کے وسط میں ایک رہائشی عمارت تھی۔ حملے کا نشانہ المزہ کا علاقہ تھا جہاں زیادہ تر مغربی طرز کے ویلاز موجود ہیں۔ انسانی حقوق کی رصدگاہ کے سربراہ نے دھماکے میں پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ العربیہ نیوز چینل پر تبصرہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کی رصدگاہ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ دھماکہ دمشق کے اس علاقے میں ہوا جہاں پر تحریک جہاد اورحزب اللہ کی قیادت رہائش پذیر ہوتی ہے۔
سفارت خانہ کے قریب ہوا حملہ
اس معاملے کی مکمل معلومات رکھنے والے ایک اہلکارنے بتایا کہ یہ عمارت پاسداران انقلاب کے افسران کے زیراستعمال رہی ہے۔ لیکن حملے میں پوری عمارت تباہ ہوگئی ہے اورحملے میں 10 افراد یا تو ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ ان افسران کا تعلق ایران کے حمایت یافتہ گروپوں سے ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے نام اوروابستگی ظاہرنہ کی جائے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حملے پرکوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ تباہ شدہ 4 منزلہ عمارت کے اردگرد بھاری سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ علاقے میں کئی ایمبولینسزاورفائر انجن دیکھے گئے ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔ حملے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ گزشتہ ماہ بھی دمشق میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سید رضی موسوی ہلاک ہو گئے تھے، جوشام میں ایرانی نیم فوجی دستے پاسداران انقلاب کے دیرینہ مشیر رہے تھے۔
بھارت ایکسپریس۔