Bharat Express

Huge earthquake topples buildings in Myanmar, Thailand: میانمار- تھائی لینڈ زلزلہ: مہلوکین کی تعداد 144 کے پار پہنچی، ہندوستانی سفارت خانہ نے جاری کیا ایمرجنسی نمبر

خبروں کے مطابق زلزلے سے زبردست نقصان ہوا ہے، مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ زخمیوں کی تعداد 732 کے قریب پہنچ گئی ہے

میانمار اور تھائی لینڈ میں جمعہ کی دوپہر آئے شدید زلزلہ نے تباہی کا منظر تو پہلے ہی پیش کر دیا تھا، اب ہلاکتوں کی خبریں بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق کم از کم 144 افراد اس زلزلہ کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں، اور یہ تعداد ابھی بہت بڑھ سکتی ہے۔ میانمار میں زلزلہ کی وجہ سے 6 علاقوں اور ریاستوں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ زلزلہ کا مرکز میانمار کے دوسرے سب سے بڑے شہر مانڈلے کے قریب تھا۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق میانمار کے دوسرے سب سے بڑے شہر مانڈلے میں ایک بچاؤ اہلکار نے بتایا کہ زلزلہ کی وجہ سے وہاں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ انھوں نے اموات کو لے کر کوئی حتمی تعداد تو نہیں بتائی، لیکن یہ ضرور کہا کہ جس طرح کا نقصان دیکھنے کو مل رہا ہے، اس سے اندیشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے۔ ریڈ کراس کا بھی کہنا ہے کہ اس حادثہ میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ریڈ کراس ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو جنگ اور آفات سے متاثر لوگوں کی مدد کرتا ہے۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ ’’شروعاتی زمینی خبروں سے اشارے مل رہے ہیں کہ زلزلہ نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔ انسانی امداد کو لے کر جانکاری حاصل کی جا رہی ہے۔‘‘ اس درمیان جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان میں بتایا جا رہا ہے کہ مانڈلے قدیم شاہی محل اور عمارتوں کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے۔ حالانکہ یہ شہر زلزلہ متاثرہ علاقے میں ہے اور عام طور پر آبادی کم ہے۔ یہاں بیشتر عمارتیں کم اونچائی والی ہیں۔

میانمار کی راجدھانی نیپیتا میں زلزلہ سے مذہبی مقامات کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔ کئی عبادت گاہوں کے کچھ حصے منہدم ہو گئے ہیں، اور کچھ گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس زلزلہ کا اثر چین میں بھی بہت زیادہ دیکھنے کو ملا ہے۔ چینی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق زلزلہ کا جھٹکا چین کے یُنّان اور سچوان علاقوں میں واضح طور پر محسوس کیا گیا۔ میانمار کی سرحد پر واقع روئلی شہر میں کئی مکان متاثر بھی ہوئے ہیں، اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

اس درمیان تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارتخانہ نے ہندوستانی شہریوں کے لیے سیکورٹی کا خاص انتظام کیا ہے۔ سفارتخانہ نے ایمرجنسی نمبر 618819218 66+ جاری کر دیا ہے تاکہ تھائی لینڈ میں موجود ہندوستانیوں کو ہر طرح کی مدد مل سکے اور ان کے اہل خانہ کو بھی صحیح صورت حال کا پتہ چل سکے۔ بینکاک میں ہندوستانی سفارتخانہ تھائی افسران کے ساتھ رابطہ قائم کر حالات پر نظر رکھ رہی ہے اور جانکاری دی ہے کہ اب تک کسی ہندوستانی شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ بینکاک اور چیانگ مائی میں ہندوستانی سفارت خانہ کے سبھی اراکین محفوظ ہیں۔ تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ اگر کہیں بھی کوئی ہندوستانی شہری پھنسے ہیں، تو وہ ایمرجنسی نمبر پر (618819218 66+) فون کر سکتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔