فروری میں دہلی میں پارٹی کابڑا اجلاس ، کچھ امیدواروں کا ابتدائی اعلان اور 2019 سے زیادہ سیٹوں پر لڑنا اس سال کے آخر میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی انتخابی تیاری کی ابتدائی روڈ میپ ہے۔بی جے پی کے سینئر رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی کی قومی کونسل کی میٹنگ ہونے جارہی ہے،جس میں ریاستی کونسلوں سے شرکت کے لیے منتخب اراکین، بی جے پی کی پارلیمانی پارٹی کے 10فیصد، پارٹی کے عہدیداران، مختلف ریاستوں سے مقننہ پارٹی کے رہنما، قومی ایگزیکٹو کے تمام اراکین شامل ہوں گے اور اس اجلاس کے فروری میں ہونے کا امکان ہے۔
لوک سبھا انتخابات سے مہینوں پہلے جنوری 2019 میں آخری قومی کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی اور وہ بھی بی جے پی کے تینوں ہندی بیلٹ ریاستوں سے ہارنے کے پس منظر میں منعقد ہوئی تھی، اس بار ایسا نہیں ہے۔ 2019 کی اس میٹنگ میں، وزیر داخلہ امیت شاہ، اس وقت کے بی جے پی کے صدر، نے پارٹی کیڈر کی حوصلہ افزائی کی کوشش کی تھی اور اس میٹنگ میں تاریخی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی کیڈر سے کہا تھا کہ سیاسی جنگ میں ہار اور جیت ہوتی رہتی ہے جس دوران 18ویں صدی کی ایک عظیم فوجی قوت، مراٹھوں کی جنگ کی بات بتا ئی گئی ۔ احمد شاہ ابدالی کے خلاف پانی پت کی جنگ کا بھی حوالہ دیا گیا اور بتانے کی کوشش کی گئی کہ ہار کے بعد ہی جیت ہے ۔
آئندہ لوک سبھا الیکشن کیلئے فی الحال دیگر حربے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں، جن میں فروری کے شروع میں، انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے چند امیدواروں کا اعلان کرنا شامل ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ یہ حربہ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں حال ہی میں ختم ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کے لیے کارگر ثابت ہوا ہے۔ یہ سیٹیں 2022 میں بی جے پی کی طرف سے “نقصاندہ” سمجھی جانے والی 160 سیٹیں ہو سکتی ہیں، یعنی وہ سیٹیں جہاں بی جے پی کبھی نہیں جیتی یا دوسرے نمبر پربھی نہیں رہی، جہاں جیت حاصل کرنے کے لیے تنظیمی دباؤ کی ضرورت ہے۔ایسی 160سیٹوں پر فروری میں ہی بی جے پی اپنے پارلیمانی امیدوار کا اعلان کرسکتی ہے۔مثال کے طور پر بہار کے نوادہ، ویشالی، والمیکی نگر، کشن گنج، کٹیہار، سپول، مونگیر، جھانجھار پور، گیا اور پورنیا جیسی سیٹیں بہار کی کمزور سیٹوں کی فہرست میں ہیں، جن میں رامناتھ پورم، شیوا گنگا، ویلور، کنیا کماری اور چنئی (جنوبی) بھی شامل ہیں۔
بی جے پی کے پرانے اتحادیوں، بہار میں جنتا دل (یو) اور مہاراشٹر میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے باہر نکل جانے کے بعد “کمزور نشستوں” کی تعداد 2022 کے وسط میں 144 سے بڑھا کر 160 کر دی گئی تھی۔ یہ شراکت داروں کے کھونے کے نتیجے میں ہوا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں اب تک کی سب سے زیادہ سیٹوں پر لڑے گی۔ 2019 میں، بی جے پی نے 543 میں سے 436 سیٹوں پر مقابلہ کیاتھا، اور صرف 133 سیٹوں پر ہی شکست ہوئی تھی ،لیکن موجودہ ماحول کو دیکھتے ہوئے بی جے پی اس بار 436 سے زیادہ سیٹوں پر امیدوار اتارنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
ان بڑی تعداد میں سیٹوں کے لیے، بی جے پی کے ذرائع نے بتایا، دو میعاد کے راجیہ سبھا ممبران، بشمول یونین کونسل آف منسٹرس کے ممبران کو ان لوک سبھا سیٹوں کی نشاندہی کرنے کے لیے کہاگیا ہے جہاں سے وہ لڑ سکتے ہیں۔عام اصول کے طور پر، دو سے زیادہ راجیہ سبھا میعاد رکھنے والے وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کو اس بار لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لیے کہا جائے گا، سوائے اس کے کہ شاید کچھ ان ریاستوں سے ہوں جہاں بی جے پی کو سیاسی غلبہ حاصل نہیں ہے لیکن جہاں وہ راجیہ سبھا کے راستے سے نمائندگی برقرار رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔کل ملا کر بی جے پی اپنے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے پرانے ممبران کو ایسی سیٹوں پر امیدوار بناکر فروری میں پارلیمانی حلقہ بھیج سکتی ہے جہاں بی جے پی کو جیت عام طور پر نہیں ملتی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔