آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے ملک بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس دوران کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی لیڈروں سے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں جیت کو یقینی بنانے کے لیے اگلے تین ماہ کے لیے خود کو پارٹی کے لیے وقف کریں۔پارٹی لیڈروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اپنے اختلافات کو بھول جائیں، میڈیا میں اندرونی مسائل کو نہ اٹھائیں اور پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ دن رات کام کرکے ہم لوک سبھا انتخابات کے بعد ایک متبادل حکومت فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔کھرگے کے علاوہ کانگریس کی میٹنگ میں پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری، ریاستوں کے انچارجز اور ریاستی اکائیوں کے سربراہان سمیت کئی رہنما موجود تھے۔
سیٹوں کی تقسیم پر کیا بات ہوئی؟
رواں سال کے لوک سبھا انتخابات میں جیت کو یقینی بنانے کے ایجنڈے کے ساتھ دہلی میں ہوئی میٹنگ کے دوران ریاستی اکائیوں نے سیٹوں کی تقسیم میں زیادہ سیٹوں کا مطالبہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اور کیرالہ کے لیڈروں نے ان ریاستوں میں اتحاد نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔کھرگے نے دعویٰ کیا کہ جن ریاستوں میں حزب اختلاف کا اتحاد مضبوط کارکنان، حمایت اور نظریہ رکھنے والی پارٹیوں پر مشتمل ہے، جو ہندوستان کی سرزمین سے جڑی ہوئی ہیں، وہاں بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) صرف نام تک ہی رہ گیا ہے۔
LIVE: Congress party briefing by Shri @Jairam_Ramesh after the meeting of General Secretaries, In-Charges, PCC Presidents and CLP leaders at the AICC HQ in New Delhi. https://t.co/ZRhuK4d6y3
— Congress (@INCIndia) January 4, 2024
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بی جے پی پر بھی شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، ”بی جے پی گزشتہ 10 سالوں میں اپنی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جذباتی مسائل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ وہ جان بوجھ کر کانگریس کو ہر معاملے میں ملوث کرتی ہے۔ ہمیں متحد ہو کر عوام کے سامنے نچلی سطح کے مسائل پر بی جے پی کے جھوٹ، فریب اور غلط کاموں کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔سرکار کی ناکامیوں پرحکومت کو گھیرنا ہےا ور عوامی مسائل کو پوری طاقت وتوانائی کے ساتھ اٹھانا ہے تاکہ عوامی اعتماد کو جیتنے میں ہم کامیا ب ہوسکیں ۔
بھارت ایکسپریس۔