Bharat Express DD Free Dish

Sheikh Hasina to facilitate return to Bangladesh: شیخ حسینہ نے ملک واپسی کی تیاری شروع کردی، نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست، بنگلہ دیشی سفارت خانے سے دستاویزات جاری کرنے کی اپیل

اگست 2024 میں مہلک عوامی احتجاج کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان آنے کے بعد یہ شیخ حسینہ کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ ان کی اس درخواست کو جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کے اعلان پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ رائٹرز کے مطابق، شیخ حسینہ بنگلہ دیش واپس جاکر عدالت کے سامنے خودسپردگی کرنا چاہتی ہیں۔

نئی دہلی: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے دسمبر میں وطن واپسی کی تیاری کے سلسلے میں نئی دہلی میں واقع بنگلہ دیشی سفارت خانے سے نیا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ (این آئی ڈی) جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، لندن میں قائم میٹرکس چیمبرز سے تعلق رکھنے والے شیخ حسینہ کے وکلا نے پیر کو بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط ارسال کرکے ضروری دستاویزات جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ اگست 2024 میں مہلک عوامی احتجاج کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان آنے کے بعد یہ شیخ حسینہ کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ ان کی اس درخواست کو جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کے اعلان پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ ہونے کا حوالہ

شیخ حسینہ کے وکلا نے خط میں کہا ہے کہ عبوری حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے ان کا موجودہ بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر انہوں نے سفارت خانے سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ قانونی نمائندوں نے حکام سے درخواستوں پر جلد کارروائی کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ بنگلہ دیشی شہری ہیں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ان کے حقوق اور متعلقہ ذمہ داریوں کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ رائٹرز کے مطابق، شیخ حسینہ بنگلہ دیش واپس جاکر عدالت کے سامنے خودسپردگی کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے معاونین نے پیر کو بتایا کہ واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان ضروری رسمی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ تاہم ان کی ممکنہ واپسی سے بنگلہ دیش میں نئے سیاسی اور قانونی تنازعات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نومبر 2025 میں بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کارروائی کا حکم دینے کے الزام میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ شیخ حسینہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور وہ اس وقت ہندوستان میں مقیم ہیں۔

2024 کی طلبہ تحریک کے بعد چھوڑا تھا اقتدار

شیخ حسینہ کی اقتدار سے بے دخلی کا آغاز جون 2024 میں سرکاری ملازمتوں کے متنازع کوٹہ نظام کے خلاف احتجاج سے ہوا تھا۔ بنگلہ دیش کی ہائی کورٹ کی جانب سے 1971 کی جنگ آزادی کے مجاہدین کی اولاد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں 30 فیصد ریزرویشن بحال کیے جانے کے بعد طلبہ نے میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج شروع کیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ تحریک پھیلتی گئی۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال، بے روزگاری، بدانتظامی اور بدعنوانی کے الزامات نے عوامی غصے میں مزید اضافہ کیا۔ مظاہرین کے خلاف حکومت کی مہلک کارروائی کے بعد احتجاج نے ملک گیر تحریک کی شکل اختیار کرلی اور شیخ حسینہ سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ 5 اگست 2024 کو ہزاروں مظاہرین کے ڈھاکہ کی جانب مارچ کے دوران شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا اور فوجی طیارے کے ذریعے ہندوستان فرار ہوگئیں۔ ان کی جماعت عوامی لیگ، جو اقتدار سے بے دخلی سے قبل بنگلہ دیش کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی، بعد میں ممنوع قرار دے دی گئی۔ جماعت کے کئی رہنما اور حامی گرفتار ہوچکے ہیں یا ہندوستان سمیت دیگر ممالک میں جلاوطنی اختیار کرچکے ہیں۔ ہندوستان میں شیخ حسینہ کی مسلسل موجودگی دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات میں ایک حساس مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش متعدد مرتبہ ان کی حوالگی کا مطالبہ کرچکا ہے۔ عبوری انتظامیہ نے دسمبر 2024 میں نئی دہلی کو باضابطہ طور پر حوالگی کی درخواست بھی بھیجی تھی۔  ہندوستان نے کہا ہے کہ اس درخواست کا جائزہ مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق لیا جا رہا ہے۔ ہندوستانی حکام نے اس معاملے کو دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان قانونی اور سفارتی پہلوؤں سے جڑا ہوا قرار دیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read