اُردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے زیراہتمام عالمی یوم اردو 2026 کا انعقاد کیا گیا اور اردو کی خدمات کرنے والوں کو ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
نئی دہلی: شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پرہرسال کی امسال بھی 9 نومبر2026 کواُردوڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اورآل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے اشتراک سے قومی راجدھانی دہلی کے بستی حضرت نظام الدین واقع غالب اکیڈمی آڈیٹوریم میں جلسہ تقسیم انعامات ومذاکرہ بعنوان ’اُردورسم الخط کی ترویج ‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقارتقریب کی صدرات ماہراقبالیات پروفیسرعبدالحق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹرخبیب احمد نے انجام دیئے۔ اظہارتشکرکی ذمہ داری آرگنائزیشن کی اہم رکن اورمحب اردو ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نے نبھائی۔
تقریب کا آغاز مولانا محمد حکیم مرتضی دہلوی کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تقریب میں مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کوخصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں ماہراقبالیات پروفیسر عبد الحق نے کہا کہ آج ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم اپنے دورکی نابغہ شخصیت ڈاکٹرعلامہ اقبال کے یوم پیدائش پرعالمی یوم اُردومنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے زندگی اورانسانیت کا جوفلسفہ پیش کیا، اس کے نہ صرف ہم لوگ بلکہ پوری دنیا کے لوگ قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُردوایک اسی زبان ہے، جس کوکبھی مٹایا نہیں جا سکتا۔ اس کی مضبوط دلیل یہ ہے کہ عربی زبان کے بعد اسلام کا اتنا بڑا سرمایہ جس زبان میں موجود ہے، اس کا نام اُردوہے۔ سیرت پربے شمارکتابیں اُردومیں لکھی گئیں، قرآن کریم کے ترجمے اُردوزبان میں لکھے گئے اسلامی تاریخی کتابیں اُردومیں لکھی گئیں اورسب سے زیادہ پڑھنے والے اُردوکے قارئین نہیں اس لئے یہ زبان کبھی بھی زوال پذیرنہیں ہوسکتی۔
کسی بھی زبان کی روح اس کا رسم الخط ہے: معصوم مراد آبادی
اپنی تقریرمیں اُردورسم الخط کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ممتازصحافی معصوم مراد آبادی نے کہا کہ کسی بھی زبان کی روح اس کا رسم الخط ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر جو لو گ رومن یا دیوناگری میں اُردو لکھتے ہیں ان کو اپنا احتساب کرنا چاہئے کہ وہ اپنی مادری زبان کے ساتھ انصاف کر رہے ہیں یا اس کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج اس بات کو اشد ضرورت ہے کہ جو افراد اُردو لکھنا ، پڑھنا اور بولنا جانتے ہیں وہ اپنے پیغام ، خیالات اورتحریریں صرف اور صرف اُردوکے رسم الخط میں لکھیں تاکہ یہ زبان اوراس کی خوبی بر قراررہے۔ معصوم مراد آبادی نے اُردو کی بقا و تریج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج اس بات پرفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اُردوکس طرح سکھا ئیں اوران میں اس زبان کو سیکھنے کا اشتیاق کیسے پیدا کریں ۔ انہوں نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے پوتی تین برس کی ہے اور وہ ’’ اُردو اکادمی دہلی‘‘ سے شائع ہونے والا رسالہ ’’ بچوںکا ماہنا مہ امنگ ‘‘ کی کاپی گھرمیں آتے ہی بڑے شوق سے دائیں جانب سے کھولتی ہے۔ اس طرح اگر ہم بچوں کو اُردوکی کتابیں اور اس زبان سے متعارف کرائیں گے تو ہم اپنے بچوں میں اُردو کے تئیں محبت پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرکوئی مولانا فیس لے کر بھی بچوں کو اُردو سکھا سکتا ہے تو ضرور اپنےبچوں کو سکھائیں ۔
اردوزبان ہماری پہچان ہے: شیخ علیم الدین اسعدی
اُردوکی اہمیت و افادیت پرروشنی ڈالتے ہوئے معروف سماجی کارکن اوراُردوڈیولپمنٹ آرگنائزیشن دہلی کنوینرشیخ علیم الدین نے کہا کہ اُردو زبان کو صرف آج کے دن یاد کرنے کا دن نہیں ہے بلکہ یہ ہماری پہچان ہے اوراس زبان کوہرکس و ناکس کواپنی روز مرہ کی زندگی میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم ہی اس زبان کو بولنا ، لکھنا اورپڑھنا چھوڑ دیں گے تو ہم اپنی مادری زبان کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔
اردو اپنی شخصیت سنوارنے کا بہترین ذریعہ: شگفتہ چودھری
اس موقع پر چوہان بانگر وارڈ سے کونسلر شگفتہ چودھری زبیرکوان کی اُردوخدمات پر’’علامہ اقبال‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ شگفتہ چودھری نے اپنی تقریرمیں کہا کہ ہم سب کہیں نہ کہیں اُردوکے ساتھ نہ انصافی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج اپنے بچوں کو اُردو پڑھانے میں شرم محسوس کرتے ہیں، میں ایسے لوگوں کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ ہم اگر اپنے بچوں کو بطورسبجیکٹ بھی اُردوپڑھائیں گے توہم اُردوکے فروغ میں اہم کردارادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُردوایک ایسی زبان ہے جوبات کرنے کا طریقہ اوراپنی شخصیت کو سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دوسری زبان کو سیکھنے کے ساتھ ساتھ اُردو زبان کو بھی اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہئے۔ سلیم قدوائی نے کہا کہ آج کا عنوان بہت ہی اہم ہے کیونکہ آج جس طرح سے اُردو کے ساتھ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کی اہم وجہ رسم الخط کو بدلنا بھی ہے اس لئے اُردو داں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اگراُردوزبان کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو آپ اس کے رسم الخط کو زند ہ رکھیں۔
ڈاکٹرسید احمد خاں نے اردو کے لئے کوشش جاری رکھنے کا اعلان کیا
عالمی یوم اردو کے تعلق سے بات کرتے ہوئے پروگرام کے روحِ رواں اوراُردوڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یوڈی او) کے قومی صدرڈاکٹرسیّد احمد خاں نے کہا کہ 1997 سے ہم اُردو ڈے کا اہتمام کررہے ہیں اورعوام کی جانب سے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج اُ ردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی کاوشوں سے 9نومبرکو عالمی یوم اُردوعالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ تاہم اُردو کیلئے ہماری کوشش جاری رہے گی۔ اس موقع پرعالمی یوم اُردو یاد گارمجلہ 9 نمبر2026 خصوصی پیش کش ہمہ جہت علمی وادبی شخصیت ’’محمد حامد علی قمرگورکھپوری حیات وخدمات‘‘ کا اجرا کیا گیا۔ اس کے علاوہ لودھی رسالہ سالانہ میگزین کا بھی اجرا ہوا۔
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے اہتمام سال 1997 سے ہرسال عالمی یوم اردو کا اہتمام
واضح رہے کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے روح رواں اورحکومت کے ادارے ’آیوش‘ میں برسرکارڈاکٹرسید احمد خاں نے 1997 میں اپنے عہدکے ایک بڑے صحافی محفوظ الرحمن کے ایما پر ایک فیصلہ کیا کہ جس طرح ہندی والے ایک روز یوم ہندی مناتے ہیں کیوں نہ ہم بھی سال میں کم ازکم ایک بارہی سہی یوم اردو منائیں۔ انھوں نے یہ تجویزبھی رکھی کہ کیوں نہ ہم علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر یعنی 9 نومبر کو یوم اردو منائیں۔ انھوں نے اس کا جواز یہ پیش کیا کہ علامہ نے اردو زبان میں جو ترانہ ہندی لکھا ہے اس کا بدل آج تک کوئی شاعر پیش نہیں کرسکا اوراس ترانے میں جس طرح حب الوطنی کے جذبات پروئے گئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ تجویزمنظورکی گئی اور 1997 سے اسی تاریخ کو یوم اردو منایا جانے لگا۔ رفتہ رفتہ 9 نومبرکو یوم اردومنائے جانے کی روایت مقامی سے ملک گیرہوئی اوراب عالمی حیثیت اختیارکی گئی ہے۔
بھارت ایکسریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


