Bharat Express DD Free Dish

Humanity Sold for Profit: مسلط کردہ جنگ، امن کی فریاد، اور منافع کی منڈی میں انسانیت کا قتل

اسرائیل کی طاقت اس کے ہتھیاروں میں نہیں، ہماری خاموشی میں ہے۔ وہ خاموشی جو عرب دنیا کی خاموش رضا مندی سے آتی ہے۔ وہ خاموشی جو صارف کی آنکھوں پر برانڈنگ کی پٹی باندھ کر آتی ہے۔ وہ خاموشی جو عالمی اداروں کی بے عملی سے جنم لیتی ہے۔ اور اب یہ خاموشی صرف انتخاب نہیں، بلکہ گناہ بن چکی ہے۔

سینئر صحافی، مصنف و سماجی کارکن شاہد سعید

تحریر۔ شاہد سعید (سینئر صحافی، مصنف و سماجی کارکن)

جب جنگ کسی فوجی سرحد سے نہیں بلکہ خاموشی، سرمایہ اور بیانیے سے شروع ہوتی ہے، تو وہ صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں رہتی، بلکہ پوری تہذیب کا امتحان بن جاتی ہے۔ 2025 کا مشرق وسطیٰ — خاص طور پر غزہ، ایران اور اسرائیل — اس تبدیلی کی گواہی دے رہے ہیں کہ جدید دنیا میں جنگ کی تعریف بدل چکی ہے۔ اب ٹینک بعد میں آتے ہیں، پہلے پابندیاں، میڈیا کے بیانیے اور وہ سازش آتی ہے جسے “امن مشن” کے نام پر بیچا جاتا ہے۔

ایران پر دہائیوں سے جاری امریکی پابندیاں، اسرائیلی سائبر حملے، جنرل قاسم سلیمانی کا قتل، اور علاقائی دباؤ — یہ سب مغرب کی طرف سے تخلیق کردہ اس “دشمن” کی تشکیل کا حصہ تھے جسے وہ “ایرانی توسیع پسندی” کہہ کر پیش کرتے رہے۔ لیکن جب ایران نے صبر سے جواب دینا شروع کیا، اور 2025 میں میزائلوں کے ذریعے قطر میں واقع امریکی بیس “العدید” اور اسرائیلی ریڈار اسٹیشنز کو نشانہ بنایا، تو وہی امریکہ اور اسرائیل جو جنگ کا جھنڈا اٹھائے ہوئے تھے، اچانک جنگ بندی کی اپیل کرنے لگے۔ یہ پہلا موقع تھا جب طاقت کے نشے میں چور مغربی قوتیں، خودداری اور خوددفاع سے گھبرا گئیں۔ پیغام بالکل واضح تھا — خوددفاع صرف مغرب کا استحقاق نہیں، بلکہ ایک آفاقی حق ہے۔

لیکن اس تنازعے کا سب سے سفاک پہلو وہ ہے جو بموں یا میزائلوں سے نہیں، بلکہ سرمایہ کاری اور تجارت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے۔ غزہ کی جلتی زمین پر گرنے والا ہر بم، کہیں نہ کہیں اُس سرمایہ کاری سے جڑا ہوا ہے جو مسلم دنیا کے سرمائے نے سینچا ہے۔ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) نے امریکی انویسٹمنٹ فرم “افینیٹی پارٹنرز” کے ذریعے اسرائیلی انشورنس کمپنی Phoenix Insurance میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ جنوری 2025 تک اس سرمایہ کاری سے تقریباً 191 کروڑ روپے (19 ملین امریکی ڈالر) کا منافع حاصل ہوا۔ UAE کی مبادلہ کمپنی نے اسرائیلی گیس سیکٹر میں 1.1 بلین ڈالر لگائے، قطر نے 275 ملین اور سعودی عرب نے اضافی 30 ملین ڈالر اسرائیلی ہائی ٹیک کمپنیوں میں لگائے۔ اس کے علاوہ، آل راجحی خاندان کی MithaQ Capital نے اسرائیلی کمپنی Otonomo میں 20.4٪ حصص خریدے، جس کی کل مالیت اربوں ڈالر ہے۔

اس کا مطلب؟ اب جنگیں صرف بندوق سے نہیں، فنڈنگ سے لڑی جاتی ہیں۔ وہ بورڈ رومز میں بنتی ہیں اور بم بن کر غریب بستیوں پر گرتی ہیں۔ یہ اربوں ڈالر کی شراکت داری اسرائیل کو صرف معاشی نہیں، اخلاقی طاقت بھی دیتی ہے۔ غزہ میں جو نسل کشی ہوئی، وہ کسی ایک حکومت کی پالیسی نہیں، بلکہ پوری عالمی نظام کی اخلاقی پستی کی علامت ہے۔

ابراہام معاہدہ (2020) نے عرب-اسرائیلی تعلقات کی تعریف بدل دی۔ UAE، بحرین، مراکش جیسے ممالک جو کبھی فلسطین کے بڑے حامی تھے، اب اسرائیل کے ساتھ ثقافتی، تکنیکی اور دفاعی اشتراک میں مصروف ہیں۔ 2025 تک یہ تعلقات تجارتی معاہدوں، دفاعی سودوں، اور سائبر انٹیلیجنس تک جا پہنچے۔ UAE کی G42 جیسی کمپنیاں اسرائیلی جاسوسی کمپنیوں NSO اور Cellebrite کے ساتھ اتحاد کر چکی ہیں، جن پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں۔ یہ اتحاد صرف مالی نہیں، اخلاقی زوال کا بھی اشارہ ہے۔

عام صارف بھی اس گناہ میں انجانے میں شریک ہے۔ Strauss Group, Soda Stream, Teva Pharmaceuticals, Ahava, Netafim جیسی اسرائیلی کمپنیاں عرب ملکوں میں یورپی یا امریکی برانڈز کے نام سے مصنوعات بیچ رہی ہیں: سنیکس، کریمیں، منرل واٹر، دوائیں، ایپس — سب کچھ۔ Waze, Fiverr, Wix جیسے پلیٹ فارمز بھی عرب بازاروں میں موجود ہیں۔ لیکن صارف کو علم نہیں کہ وہ جو خرید رہا ہے، وہ اس نظام کو تقویت دے رہا ہے جو غزہ پر بم برسا رہا ہے۔

غزہ کا المیہ محض جنگ نہیں تھا، یہ ایک منصوبہ بند نسل کشی تھی — جس میں 40,000 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 17,000 بچے اور 12,000 خواتین شامل تھیں۔ الشفاء اسپتال جیسے مراکز صحت کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا، بجلی منقطع کر دی گئی، اور نومولود بچے آکسیجن کے بغیر دم توڑتے رہے۔ اسکول، مساجد، بازار — سب تباہ۔ لیکن دنیا خاموش رہی۔ اقوام متحدہ، OIC، عرب لیگ — سب صرف پریس ریلیز جاری کرتے رہے۔ یہ خاموشی صرف رضامندی نہیں، بلکہ شراکت ہے۔

OIC جیسے ادارے جو اسٹیج پر فلسطین کے لیے آنسو بہاتے ہیں، وہ پردے کے پیچھے اسرائیل میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ یہ دوہرا کردار صرف مغالطہ نہیں، بلکہ اخلاقی دیوالیہ پن ہے۔ ایک طرف قبلہ کی حفاظت کی باتیں، دوسری طرف اُس نظام میں سرمایہ کاری جو قبلہ کی بے حرمتی کرتا ہے۔ یہ اسٹریٹیجک منافقت ہے — اور اس کی سب سے بڑی قیمت فلسطین نے چکائی ہے۔

اسرائیل کی طاقت اس کے ہتھیاروں میں نہیں، ہماری خاموشی میں ہے۔ وہ خاموشی جو عرب دنیا کی خاموش رضا مندی سے آتی ہے۔ وہ خاموشی جو صارف کی آنکھوں پر برانڈنگ کی پٹی باندھ کر آتی ہے۔ وہ خاموشی جو عالمی اداروں کی بے عملی سے جنم لیتی ہے۔ اور اب یہ خاموشی صرف انتخاب نہیں، بلکہ گناہ بن چکی ہے۔

اب فیصلہ کرنے کا وقت ہے۔ ہمیں طے کرنا ہوگا: کیا ہم منافع کی منڈی کے گونگے گاہک بنے رہیں گے یا باشعور شہری بن کر ظلم کا جواب دیں گے؟ ایک صارف کی حیثیت سے ہمیں اسرائیلی کمپنیوں کی شناخت کر کے ان کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔ ہمیں اُن میڈیا اداروں کی حمایت کرنی ہوگی جو غزہ کی سچائی دکھاتے ہیں، نہ کہ جو اسے چھپانے کے لیے تنخواہ پاتے ہیں۔ شہری معاشرہ، ادیب، دانشور، اور NGOs — سب کو BDS جیسے عالمی تحاریک کو زمینی سطح پر فعال کرنا ہوگا۔

فلسطین کی لڑائی صرف فلسطین کی نہیں — یہ ہر اُس انسان کی لڑائی ہے جو انسانیت پر یقین رکھتا ہے۔ یہ لڑائی اقتدار بمقابلہ سچ، سرمایہ بمقابلہ ہمدردی، اور سامراجیت بمقابلہ انصاف کی ہے۔ اگر آج ہم نے آواز نہ اٹھائی، تو کل ہماری خاموشی سے بھی کوئی شہر جلے گا۔ اور پھر سوال یہ نہیں ہوگا کہ “کس نے مارا؟” — بلکہ یہ ہوگا کہ “کون خاموش تھا؟” اب خاموش رہنا گناہ ہے — اور مخالفت ہی کفارہ۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read