ہندوستانی مسلح افواج کی جانب سے کئے گئے’آپریشن سندور‘ کے بعد سرحد کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں کل کی کارروائی کے بعد پاکستان کی طرف سے سرحد پرشدید فائرنگ کی گئی، جس میں کئی لوگ مارے گئے ہیں۔ سرحد پارسے فائرنگ کے پیش نظرجموں وکشمیرسے متصل اضلاع میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ اسکول اورکالج بھی بند کردیئے گئے ہیں۔ سرحد سے ملحقہ دیہات کوخالی کرایا جا رہا ہے۔
جموں وکشمیرکے سانبا اورکٹھوعہ اضلاع کے علاوہ جموں ضلع کے آرایس پورہ علاقے میں اگلے 72 گھنٹوں کے لئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس الرٹ کے تحت سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے جلد ازجلد گاؤں خالی کرنے کوکہا گیا ہے۔ سرحدی علاقوں کے دیہاتوں کوبدھ کی دیررات خالی کرانے کا سلسلہ جاری رہا۔ احتیاطی تدابیرکے طورپریہاں کے اسکول، کالج اورہرقسم کے ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔
وادی کے تمام اضلاع کے لیے جاری کردہ نمبر
اس دوران مرکزکے زیرانتظام وادی کشمیرکوبھی الرٹ موڈ پررکھا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظروادی کے تمام اضلاع میں کنٹرول روم نمبرجاری کردیئے گئے ہیں۔ یہ نمبرکسی بھی قسم کی پریشانی کی صورت میں لوگوں کی مدد کے لئے جاری کئے گئے ہیں۔ صرف جموں وکشمیرہی نہیں بلکہ پنجاب میں بھی سرحدی اضلاع کے گاؤں کوالرٹ کردیا گیا ہے۔ فیروزپورضلع کے کل سرحدی گاؤں کے لوگ محفوظ مقامات پرپناہ لینے لگے ہیں۔ حالانکہ پاکستان سے متصل بین الاقوامی سرحد پربسے امرتسراورترن تارن کے گاؤوں میں امن کا ماحول بتایا گیا ہے۔
ایل اوسی پر پاکستان کی طرف سے مسلسل گولہ باری
اس درمیان پاکستانی فوج کی طرف سے آج جمعرات کوبھی جموں وکشمیرکے 4 سیکٹرمیں لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پرگولی باری کی گئی۔ ہندوستانی فوج نے اس کا منہ توڑجواب دیا۔ آپریشن سندورکے بعد پاکستانی فوج نے کل یہاں کے کئی سرحدی گاؤں کونشانہ بناکر بھاری گولہ باری کی اور مورٹاربھی داغے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کل کے مقابلے جمعرات کوسرحد پارسے فائرنگ کی شدت کم تھی اوریہ صرف چارسیکٹروں تک محدود تھی۔ ایک دفاعی ترجمان نے کہا، “7 اور8 مئی کی درمیانی رات، پاکستانی فوج نے ایل اوسی پرکپواڑہ، بارہمولہ، اُڑی اوراکھنورسیکٹرزپرچھوٹے ہتھیاروں اورتوپ خانے کا استعمال کیا، ان کی طرف سے یہ حملے بغیرکسی اشتعال کے کئے گئے۔ ہندوستانی فوج نے ان حملوں کا منہ توڑ جواب دیا۔”
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


