Bharat Express

Lok Sabha Election 2024: افضال انصاری نے بیٹی کو بتایا سیاسی وارث، والد کے لئے انتخابی تشہیر میں مصروف نصرت لڑسکتی ہیں الیکشن

غازی پور کے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار افضال انصاری نے اپنی بیٹی نصرت کو سیاسی وارث بنا دیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے دفترمیں انڈیا الائنس کی میٹنگ میں انہوں نے یہ اعلان کیا۔

افضال انصاری کی جگہ ان کی بیٹی نصرت الیکشن لڑسکتی ہیں۔

غازی پور میں اب انصاری فیملی نے گھرکی ایک نئی رکن کو سیاسی میدان میں اتار دیا ہے۔ موجودہ رکن پارلیمنٹ اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار افضال انصاری نے اب ایک نیا قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے اپنی بیٹی نصرت کو سیاسی وارث بنا دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز سماجوادی پارٹی کے دفترمیں ہوئی انڈیا الائنس کی میٹنگ میں انہوں نے اپنی بیٹی کواپنا سیاسی وارث قراردے دیا۔ حالانکہ اس بات کی قیاس آرائی پہلے سے ہی کی جارہی تھی، لیکن جب میٹنگ میں افضال انصاری نے نصرت کا تعارف کرایا توپھراس قیاس آرائی پرمہرلگ گئی۔

افضال انصاری کے ذریعہ اپنی بیٹی نصرت کے تعارف کے کئی اورسیاسی مطلب بھی نکالے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ غازی پورایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے گینگسٹرایکٹ معاملے میں افضال انصاری کو 4 سال کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد وہ ہائی کورٹ چلے گئے۔ عدالت میں آج اس معاملے کی سماعت ہوگی۔ افضال انصاری کی بیٹی نصرت گزشتہ کئی دنوں سے اپنے والد کے لئے انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔

عدالت کے فیصلے پرنگاہیں مرکوز

افضال انصاری نے جس طرح سے اپنی بیٹی کا لیڈران کے درمیان تعارف پیش کرایا، اس سے یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ افضال انصاری کوبھی اس بات کا خدشہ ہے کہ ہوسکتا ہے کہ انہیں عدالت سے راحت نہ ملے تو پھر اس کے لئے بیک اپ پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ انصاری فیملی کی نظریں ان دنوں عدالت کے فیصلے پر مرکوز ہوں گی۔ تاہم عدالت کے فیصلے پرہی افضال انصاری کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ اگرفیصلہ ان کے حق میں نہیں آیا تووہ الیکشن نہیں لڑسکیں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس کے لئے وہ اپنی بیٹی کوانڈیا الائنس کے امیدوارکے طورپرانتخابی میدان میں اتارسکتے ہیں اورشاید بی جے پی نے ایسا مان بھی لیا ہے۔

نصرت پربی جے پی امیدوارنے کیا طنز

کہتے ہیں کہ سیاست میں جب آپ کے نشانے بدلنے لگیں اورآپ کا زبانی حملہ کسی اورپرہونے لگے تومان لیجئے کہ آپ کا حریف وہی ہے، جس سے آپ زبانی اور لفظی جنگ لڑ رہے ہو، یعنی جس پرہربات پرالزام تراشی کی جانے لگے۔ دراصل ایسا ہی کچھ غازی پورمیں دیکھنے کو ملتا رہا ہے۔ یہاں پرافضال انصاری، مختارانصاری، عمرانصاری، عباس انصاری سمیت انصاری فیملی کا نام ہی بی جے پی لیڈران کی زبان پرہوتے تھے۔ تاہم یہاں سے بی جے پی امیدوارپارس ناتھ رائے کے نشانے پراب افضال انصاری کی بیٹی نصرت رہیں۔ انہوں نے نصرت کے مندر جانے اور کیرتن میں شامل ہونے کے لئے طنزکسا ہے۔ اس بات سے بھی یہی اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اگرافضال انصاری کی مشکلات کم نہیں ہوئیں توغازی پور سے نصرت اپنی سیاسی اننگ کی شروعات کرسکتی ہیں۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read