Bharat Express

ICC Test Rankings: جسپریت بمراہ کیسے بن گئے تینوں فارمیٹ میں نمبر ون؟ یہاں دیکھئے ہندوستانی اسٹار نے کیسے حاصل کیا یہ مقام

جسپریت بمراہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی نمبر ایک گیند باز بن گئے ہیں۔ تینوں فارمیٹ میں نمبر ون بننے والے جسپریت بمراہ دنیا کے پہلے گیند باز ہیں۔

ٹیم انڈیا کے اسٹار گیند باز جسپریت بمراہ۔ (فائل فوٹو)

ٹیم انڈیا کے اسٹار گیند بازجسپریت بمراہ ٹسٹ کرکٹ رینکنگ میں نمبرون گیند بازبن گئے ہیں۔ جسپریت بمراہ ونڈے، ٹی ٹوئنٹی اورٹسٹ کرکٹ میں نمبرون گیند بازبننے والے پہلے گیند بازہیں۔ جسپریت بمراہ نے بدھ کو جاری کی گئی آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں یہ مقام حاصل کیا۔ جسپریت بمراہ نے انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹیں لے کرپلیئر آف دی میچ کا اعزازبھی حاصل کیا۔ صرف 34 میچ کھیلنے کے بعد جسپریت بمراہ نے ٹسٹ کرکٹ میں نمبرون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ بمراہ کے علاوہ اشون اورجڈیجہ بھی ٹاپ 10 گیند بازوں میں شامل ہیں۔

جسپریت بمراہ ہندوستان کے اسٹاراسپنرآراشون کو پیچھے چھوڑکرٹیسٹ کرکٹ کے نمبرون گیند بازبن گئے ہیں۔ تازہ ترین درجہ بندی میں اشون کو دومقام کا نقصان ہوا ہے اوروہ تیسرے مقام پرآگئے ہیں۔ جسپریت بمراہ نے تین مقام کی چھلانگ لگائی ہے۔ بمراہ 881 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبرپرہیں۔ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اسٹارگیند بازکگیسورباڈا دوسرے نمبرپرہیں۔ کگیسورباڈا کے 851 پوائنٹس ہیں۔ آراشون 841 پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبرپرہیں۔ ہندوستان کے اسٹاراسپنررویندرجڈیجہ 746 پوائنٹس کے ساتھ گیند بازوں کی رینکنگ میں 9ویں نمبرپرآگئے ہیں۔

جسپریت بمراہ کی شاندارواپسی

جسپریت بمراہ کی واپسی کوٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کامیاب واپسی کے طورپربھی دیکھا جا سکتا ہے۔ 2022 میں جسپریت بمراہ کمرکی چوٹ کی وجہ سے تقریباً ایک سال تک کرکٹ کے میدان سے دوررہے۔ گزشتہ سال، جسپریت بمراہ محدود اووروں کے ذریعہ کرکٹ کے میدان میں واپس آئے۔ اس سال کے آغازمیں صرف 4 ٹیسٹ کھیلنے کے بعد جسپریت بمراہ نے گیند بازوں کی رینکنگ میں نمبرون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ بمراہ کی یہ کامیابی اس لئے بھی خاص ہے کیونکہ انہوں نے اسپنروں کے لئے مددگارپچ پر9 وکٹیں لے کرکمال کیا اورتاریخ رقم کی۔

بمراہ کا ٹسٹ کیریئر

جسپریت بمراہ کا ٹسٹ کیریئراب تک کمال کا رہا ہے۔ یہ کھلاڑی صرف 34 میچوں میں 155 وکٹ حاصل کرچکا ہے۔ ان کی گیند بازی اوسط صرف 20.19 ہے۔ جسپریت بمراہ نے آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ ہرجگہ ٹسٹ میں کمال کی کارکردگی پیش کیا ہے، لیکن سب سے حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ ہندوستانی پچوں پربھی اس کھلاڑی نے صرف 6 میچ میں 29 وکٹ حاصل کرلئے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔