Bharat Express DD Free Dish

Test series against Sri Lanka: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے عاقب نبی پہلی بار بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل، انجری کی بدولت جسپریت بمراہ باہر

بائیں گھٹنے کی انجری سے مکمل صحت یاب نہ ہونے کی بنا پر بمراہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز نہیں کھیلیں گے۔ جموں و کشمیر کے نوجوان تیزگیندباز عاقب نبی کو پہلی بار بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔ عاقب نبی اب تک 43 فرسٹ کلاس میچوں میں 18 کی اوسط سے 162 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ وہ 16 مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باعث سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر عاقب نبی کو پہلی مرتبہ بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ جسپریت بمراہ اپنے بائیں گھٹنے کی انجری سے مقررہ وقت تک مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے، جس کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ انہیں یہ انجری انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران پیش آئی تھی۔ بمراہ کی عدم موجودگی کو بھارتی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

عاقب نبی کو پہلی بار قومی ٹیم میں ملا موقع

بمراہ کی جگہ گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے والے جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ عاقب نے حالیہ رنجی ٹرافی میں جموں و کشمیر کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ٹورنامنٹ میں 60 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ گزشتہ دو رنجی سیزن میں وہ مجموعی طور پر 104 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار ریکارڈ

عاقب نبی اب تک 43 فرسٹ کلاس میچوں میں 18 کی اوسط سے 162 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ وہ 16 مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔ لسٹ اے کرکٹ میں بھی ان کے نام 36 میچوں میں 56 وکٹیں درج ہیں، جہاں ان کی اوسط 27 رہی ہے۔ عاقب نبی حال ہی میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی انڈیا اے ٹیم کا بھی حصہ تھے، جہاں انہوں نے دو میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ گھریلو کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث کافی عرصے سے انہیں بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

15 اگست سے شروع ہوگی ٹیسٹ سیریز

بھارت اور سری لنکا کے درمیان دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز 15 اگست سے گال انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 23 اگست سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم 7 اگست سے سری لنکا الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read