ہاتھرس بھگدڑ معاملہ
علی گڑھ: ہاتھرس میں نارائن ساکر ہری کے ستسنگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 121 لوگوں کی جانیں گئیں اور ایک درجن سے زیادہ زخمی ہوئے۔ رائے بریلی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی جمعہ کے روز علی گڑھ کے گاؤں پِلکھانہ پہنچے اور متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ خاندان کے ایک رکن منوج متل نے کہا کہ راہل گاندھی نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ معاوضہ بڑھانے کی بات بھی کی گئی ہے۔
مہلوک کے خاندان کی ایک رکن جیوتی نے کہا کہ راہل گاندھی نے مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے باپ کا انتقال ہوا اور اب ہماری ماں اس واقعے کا شکار ہو گئی ہیں۔ ہم انہیں اس طرح کے ستسنگ میں جانے سے منع کرتے تھے، لیکن انہوں نے ہماری ایک نہ سنی۔ میں اپنی ماں کو ٹھیک سے دیکھ بھی نہیں پائی۔
اہل خانہ نے راہل گاندھی سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے پر برہم خاندان کے ایک فرد نے کہا کہ واقعات ختم نہیں ہوں گے، لاشیں اسی طرح پڑی رہیں گی، آپ بھی دیکھتے رہیں گے، میں بھی دیکھتا رہوں گا۔ ایک دو لاکھ دینے سے کچھ نہیں ہوگا جب تک تعلیم پر کام نہیں ہوگا۔ اس ملک کی حکومت کو تعلیم پر زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہیے۔ عوام کو بیدار ہونا چاہیے۔
مہلوک کے لواحقین کا الزام ہے کہ مذہب کے نام پر لوگوں کا برین واش کیا جارہا ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لوگوں کے لیے انتہائی افسوسناک ہے۔ میرا مرکز اور راہل گاندھی سے مطالبہ ہے کہ مذہب کے نام پر جڑی غلط چیزوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں اور تعلیم پر توجہ دیں تاکہ ایسے واقعات ختم ہوں۔ انہوں نے بابا کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔ گھر والوں نے کہا کہ اگر ستسنگ نہ ہوتا تو یہ اموات نہ ہوتیں۔
راہل گاندھی سے پہلے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ بھی 3 جولائی کو ہاتھرس گئے تھے۔ انہوں نے اسپتال میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ یہاں، حادثے کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کی پہلی میٹنگ جمعرات کی شام کو سیتا پور ضلع کے نیمشارنیہ میں ہوئی۔
کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈ جج برجیش سریواستو نے کہا کہ بہت جلد کمیشن کی ٹیم ہاتھرس جائے گی اور ثبوت اکٹھا کرے گی۔ پولیس نے ہاتھرس حادثے کی تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ آئی جی شلبھ ماتھر نے کہا کہ بھولے بابا عرف سورج پال کے 6 بندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تمام ملزمان آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر ہیں۔ مفرور مین آرگنائزر دیو پرکاش مدھوکر پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔