مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے۔ (فائل فوٹو)
شیوسینا (یوبی ٹی) نے پارلیمنٹ میں حد بندی بل کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حد بندی بل کی مخالفت کرتے ہوئے کمیٹی کی تشکیل سے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد تک کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پورے عمل میں اپوزیشن کے کرداراورشفافیت سے متعلق سنگین خدشات ہیں۔ انہوں نے اسے بی جے پی کا پہلے سے تیارکردہ منصوبہ قراردیا ہے۔ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ میں مہاراشٹراورملک کے تمام ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ذاتی مفاد کے بجائے ملک کے مفاد کے بارے میں سوچیں۔ ہمارے تمام 9 ارکان پارلیمنٹ اس بل کی مخالفت کریں گے۔ اسٹالن کو بھی اپنے فیصلے پرغورکرنا چاہئے، کیونکہ جو بھی اس بل کی حمایت کرے گا، یہ بل اس کی ریاست کے مفادات کے خلاف ہوگا۔ میرا ماننا ہے کہ پوارصاحب کوبھی اپنی اوراپنی پارٹی کے مفاد کے بجائے مہاراشٹراورملک کے مفاد کے بارے میں سوچنا چاہئے۔
ادھوٹھاکرے نے بتائی بل کی مخالفت کی وجہ
ادھوٹھاکرے نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ میں ملک اورریاست کے بارے میں زیادہ سوچتا ہوں۔ کئی لوگوں نے اس بل پراپنی رائے ظاہرکی ہے۔ شیوسینا کی جانب سے اس کی مخالفت کی پہلی وجہ یہ ہے کہ بل کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی تقرری پر ہی سوالات اٹھ رہے ہیں اور ووٹنگ میں دھاندلی کے الزامات بھی لگے ہیں۔ عوام نے اسے ثابت کردیا ہے۔ اب کمیٹی کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیانیش کمارکواس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی میں کتنے ارکان ہوں گے؟ یہ تین رکنی کمیٹی ہوگی۔ نریندر مودی اور امت شاہ نے انہیں انتخاب کا اختیار دیا ہے۔ اس کمیٹی میں ان ہی کا پسندیدہ شخص ہوگا۔ گیانیش کمار ہی تیسرے رکن کا انتخاب کریں گے۔ اپوزیشن کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی نے پہلے سے ایک منصوبہ تیارکررکھا ہے۔ اس کمیٹی کا واحد کام اس منصوبے پر دستخط کرکے اسے عوام کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ کم ازکم کمیٹی میں اپوزیشن کے ایک رہنما کوتوشامل کیا جانا چاہیے تھا۔ یہ پوری طرح غلط ہے۔
راجیہ سبھا کی نشستوں پربھی ادھونے اٹھائے سوال
ادھوٹھاکرے نے کہا کہ حد بندی کے تحت لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھائی جارہی ہے، توکیا راجیہ سبھا کی نشستوں میں بھی اضافہ ہوگا؟ اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دی گئی ہیں۔ بی جے پی نے انتخابات کے نتائج کی بنیاد پرحلقوں کا جائزہ لیا ہے۔ 850 نشستیں کیسے ہوں گی، اس کا فیصلہ بھی وہی کریں گے۔ انہیں معلوم ہے کہ ہمیں کن علاقوں سے ووٹ ملتے ہیں۔ انہوں نے واضح طورپرکہا کہ یہ ووٹ چوری کا ہی معاملہ ہے۔ اس بل کے ساتھ خواتین کے ریزرویشن بل کو بھی جوڑا گیا ہے، جس کی ہم حمایت کرتے ہیں۔ آپ خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دے رہے ہیں تو543 نشستوں میں سے ہی دے دیجئے۔ خواتین کے نام پرلوگوں کوبہکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ ہم نے اپنے 9 اراکین پارلیمنٹ کوبتا دیا ہے کہ انہیں ووٹنگ کے دوران کیا کرنا ہے۔ 2017 میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے حلقوں کی حد بندی ہوئی تھی۔ اس وقت کس طرح کا کھیل کھیلا گیا، ہم نے دیکھا ہے۔ گیانیش کمارپرتوکسی کوبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔
اسٹالن سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ آپ ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھا دیجیے، انہیں 5 کروڑ کی جگہ 10 کروڑروپئے دیجیے، لیکن ذرا یہ بھی دیکھیے کہ لوک سبھا میں کتنے ارکان پارلیمنٹ ایوان میں موجود رہتے ہیں۔ ایسا نہ ہوکہ 150 کروڑ کی آبادی کے لیے یہ کہا جانے لگے کہ ایک وزیراعظم سے کام نہیں چل رہا، اس لیے وزیراعظم کی تعداد بھی بڑھا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ ووٹ چوری کا معاملہ ہے۔ اس پورے عمل میں شفافیت ہونی چاہئے، لیکن وہ کہیں نظرنہیں آرہی ہے۔ ہم سب سے اپیل کررہے ہیں۔ اسٹالن سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس فیصلے پردوبارہ غورکریں، کیونکہ یہ وہاں کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہوگا۔ اسٹالن کوآنکھیں کھول کرحقیقت دیکھنی چاہئے۔
شرد پوار اور فڑنویس سے بھی مخالفت کی اپیل
شرد پوارکے بارے میں ادھوٹھاکرے نے کہا کہ کیا مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا ہوگا؟ لیکن ہم پارٹی کے مفاد سے پہلے عوام کے مفاد کورکھتے ہیں۔ پوارصاحب کوبھی اس معاملے پرغورکرنا چاہیے، ورنہ جمہوریت کا قتل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی آئینی عمل نہیں بلکہ آئین کے ساتھ حادثہ ہے۔ یہ لوگ اپنی مرضی سے لوک سبھا کے حلقوں کا تعین کریں گے۔ شرد پوار آج بھی مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کا حصہ ہیں اور ابھی کوئی تاخیر نہیں ہوئی ہے۔ ادھوٹھاکرے نے مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس سے بھی اپیل کی کہ دیرہونے سے پہلے اس بل کی مخالفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوارکیا فیصلہ کرتے ہیں، اس کے بعد آگے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




