Bharat Express DD Free Dish

حد بندی بل سے پہلے وزیراعظم مودی کی بڑی میٹنگ، امت شاہ-راجناتھ سنگھ سینئرلیڈران ہوئے شامل، وزراء کی رہائش گاہ پر ڈنر ڈپلومیسی

وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی عاملہ کمیٹی کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ مختلف وزراء کی رہائش گاہوں پر اراکین پارلیمنٹ کے لیے عشائیے (ڈنر) کا اہتمام کیا گیا۔ حد بندی بل اور پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس اورحد بندی بل پرتبادلہ خیال کے لیے اتوار(29 نومبر، 2026) کومرکزی وزراء کی رہائش گاہوں پربی جے پی اراکین پارلیمنٹ کے مختلف گروپوں کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اراکین پارلیمنٹ کوالگ الگ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، تاکہ وہ اس بل کی اہم شقوں اورووٹنگ کے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کرسکیں۔ اس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس کے لیے حکمت عملی بھی تیارکی جارہی ہے۔ اس سے پہلے اتوارکووزیراعظم نریندرمودی نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ، 7 لوک کلیان مارگ پربی جے پی پارلیمانی پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی۔

اترپردیش میں مرکزی وزیرکملیش پاسوان کی رہائش گاہ پرمنعقدہ ڈنر(عشائیہ) کے دوران بی جے پی اراکین پارلیمنٹ کوبل کی اہم شقوں اورووٹنگ کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات دی جارہی ہیں۔ اسی طرح بہارمیں مرکزی وزیرراجیورنجن سنگھ عرف للن سنگھ کی رہائش گاہ پربھی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ مدھیہ پردیش میں مرکزی وزیرشیوراج سنگھ چوہان کی رہائش گاہ پرمنعقدہ عشائیے میں ریاست کے تمام بی جے پی اراکین پارلیمنٹ شریک ہوئے۔

دہلی سے انڈمان نکوبار تک بی جے پی رہنماؤں کے عشائیے

وہیں دہلی اور ہریانہ کے تمام بی جے پی ارکان پارلیمنٹ مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر کی رہائش گاہ پر عشائیے میں شریک ہورہے ہیں۔ اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ مرکزی وزیر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر جمع ہوئے ہیں، جہاں انہیں حد بندی بل کی اہم شقوں اور ووٹنگ کے طریقہ کار سے واقف کرایا جارہا ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کے لیے مرکزی وزیر کرن رجیجو کی رہائش گاہ پر میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ وہیں مغربی بنگال اور انڈمان نکوبار جزائر کے ارکان پارلیمنٹ کے لیے سکانت مجمدار کے دفتر یا رہائش گاہ پر عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر بی جے پی پارلیمانی جماعت کی میٹنگ

اس سے پہلے اتوارکو وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ 7 لوک کلیان مارگ پر بی جے پی پارلیمانی جماعت کی عاملہ کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس میٹنگ کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران مختلف موضوعات پر مفید تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین اور مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، کرن رجیجو، جے پی نڈا اور ارجن رام میگھوال سمیت کئی سینئر رہنما موجود تھے۔

بی جے پی نے جاری کیا وہپ

اس دوران بی جے پی نے اپنے تمام لوک سبھا ارکان پارلیمنٹ کے لیے تین سطری وہپ جاری کیا ہے۔ اس کے تحت تمام ارکان پارلیمنٹ کو اگلے چار دن تک ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے قانون سازی کے کاموں کی حمایت کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read