جنگ سے متاثرہ ایران سے نکالے گئے ہندوستانی طلبا آج صبح دہلی پہنچ گئے ہیں۔ ان طلبا نے ایران میں درپیش نازک حالات کا ذکر کرتے ہوئے انھیں وطن واپس لانے کے لیے فوری کارروائی پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا۔ 110 ہندوستانی طلباکو پہلے ایران سے آرمینیا لے جایا گیا تھا اور پھر آرمینیا سے انھیں لے کر چلنے والی پہلی پرواز آج علی الصبح ہی دہلی پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعہ کے درمیان تہران میں ہندوستانی طلباء کو پہلے ہی شہر سے باہر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ان میں سے 110 طلبا منگل کو ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے شروع کیے گئے ’’آپریشن سندھو‘‘ کے تحت کیے گئے انتظامات کے ذریعے سرحد پار کر کے آرمینیا پہنچے تھے۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے کہا کہ مزید لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہمارے پاس طیارے تیار ہیں۔ ہم آج ایک اور طیارہ بھیجیں گے۔ ہم ترکمانستان سے کچھ اور لوگوں کو نکال رہے ہیں۔ ہمارے مشنز نے انخلاء کی کسی بھی درخواست کے لیے 24 گھنٹے لائنیں کھول دی ہیں۔ جیسے جیسے حالات بدلیں گے، ہم ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کے لیے مزید طیارے بھیجیں گے۔‘‘ انھوں نے ترکمانستان اور آرمینیا کی حکومتوں کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
طلبا نے ادا کیا حکومت ہند کا شکریہ
دریں اثنا وطن واپس آنے والے طلبا میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے کہا ’’ہم سب سے پہلے ایران سے نکالے گئے تھے۔ صورت حال کافی نازک تھی۔ ہم خوف زدہ تھے۔ ہم ہندوستانی حکومت اور ہندوستانی سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہمیں یہاں لانے کے لیے بہت تیزی سے کام کیا۔‘‘
ایم بی بی ایس کے ایک طالب علم میر خلیف نے کہا کہ ایران میں صورت حال کشیدہ ہے۔ میر خلیف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’ہم میزائل دیکھ سکتے تھے۔ جنگ جاری تھی۔ ہمارے پڑوس پر بمباری کی گئی۔ ہم بہت خوف زدہ تھے۔ مجھے امید ہے کہ ہم وہ دن دوبارہ کبھی نہیں دیکھیں گے۔‘‘ خلیف نے انھیں پہلے ایران سے آرمینیا لے جانے اور پھر وطن واپس لانے پر ہندوستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایران میں اب بھی طلباء پھنسے ہوئے ہیں۔ انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ انھیں بھی جلد ہی ہندوستان پہنچا دیا جائے گا۔‘‘
دریں اثنا جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے ہندوستانی طلبا کے ایران سے انخلاء کی کوشش شروع کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا شکریہ ادا کیا۔ ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ باقی تمام طلبا کو بھی جلد ہی نکال لیا جائے گا۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


