Bharat Express DD Free Dish

Bihar Election 2025: مہاگٹھ بندھن میں دراڑ! آر جے ڈی–کانگریس میں نشستوں کی تقسیم پر کھینچا تانی، جے ایم ایم نے بھی چھوڑا ساتھ

اطلاعات کے مطابق، کانگریس ہائی کمان نے بہار کانگریس کو پوری چھوٹ دے دی ہے۔ آر جے ڈی کے رویے سے ناراض کانگریس کے لیڈران نے راہل گاندھی کو پوری صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس ہائی کمان نے براہِ راست مداخلت کیے بغیر بہار کانگریس کے لیڈران کو پوری چھوٹ دے دی ہےتاکہ وہ اپنی حکمت عملی خود طے کریں۔

مہاگٹھ بندھن میں دراڑ!

پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے مہاگٹھ بندھن میں بڑی پھوٹ کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ سیٹ بٹوارے (نشستوں کی تقسیم) کے معاملے پر آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) اور کانگریس کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، اور اب تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکا ہے۔ دونوں جماعتوں نے کئی حلقوں میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے کر دیے ہیں، جس سے مہاگٹھ بندھن کی یکجہتی پر سوال اٹھ گئے ہیں۔ این ڈی اے کے لیڈران اس صورتحال پر طنز کر رہے ہیں اور اسے مہاگٹھ بندھن کی کمزوری قرار دے رہے ہیں۔

دونوں میں مذاکرات بند، ٹکراؤ بڑھا

ذرائع کے مطابق، بہار کانگریس اور آر جے ڈی کے درمیان بات چیت بند ہو چکی ہے۔ کانگریس قیادت آج کوئی بڑا قدم اٹھا سکتی ہے، کیونکہ اس بار وہ پیچھے ہٹنے کے موڈ میں نہیں دکھ رہی۔ آر جے ڈی نے کئی ایسی نشستوں پر امیدوار اتارے ہیں جن پر کانگریس پہلے ہی اپنے امیدواروں کو ٹکٹ دے چکی تھی۔ اسی طرح کچھ حلقوں پر آر جے ڈی نے پہلے امیدوار نامزد کیے تھے لیکن کانگریس نے وہاں بھی اپنے امیدوار کھڑے کر دیے۔ نتیجتاً ان حلقوں میں بی جے پی کے ساتھ ساتھ کانگریس اور آر جے ڈی کے درمیان بھی براہ راست مقابلہ ہوگا۔

کانگریس پارٹی نے دیا واضح پیغام

کانگریس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب فیصلہ آر جے ڈی کو کرنا ہے — یا تو وہ اپنے امیدوار واپس لے، یا کانگریس کا مقابلہ کرے۔ کانگریس نے اپنا مؤقف صاف کر دیا ہے۔ صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ آر جے ڈی نے خود کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام کے خلاف بھی اپنا امیدوار اتار دیا ہے۔

کانگریس قیادت نے دی پوری چھوٹ

اطلاعات کے مطابق، کانگریس ہائی کمان نے بہار کانگریس کو پوری چھوٹ دے دی ہے۔ آر جے ڈی کے رویے سے ناراض کانگریس کے لیڈران نے راہل گاندھی کو پوری صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس ہائی کمان نے براہِ راست مداخلت کیے بغیر بہار کانگریس کے لیڈران کو پوری چھوٹ دے دی ہےتاکہ وہ اپنی حکمت عملی خود طے کریں۔

جے ایم ایم نے بھی توڑا رشتہ

اسی دوران، جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے بھی مہاگٹھ بندھن سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی نے بہار میں 6 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ تقریباً طے مانا جا رہا ہے کہ جے ایم ایم نے مہاگٹھ بندھن سے اپنے رشتے ختم کر لیے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read