
پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے عید الفطر سب سے زیادہ خوشی کا موقع اور سب سے بڑا تہوار ہوتا ہے۔ رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ رکھنے اور عبادات کے بعد ماہِ شوال کی پہلی تاریخ کو تمام عالمِ اسلام میں عید کی خوشی پورے جوش و خروش سے منائی جاتی ہے۔ چوں کہ اسلام کے ماننے والے پوری دنیا میں موجود ہیں، لہٰذا عید کی نماز کے علاوہ عید منانے کے طریقے دنیا کے مختلف ممالک میں متنوع اقسام کے ہیں۔ آئیے آپ کو کچھ ممالک میں عید کے موقع سے منسوب کچھ اہم باتیں بتاتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارت میں عید کی خوشیاں پورے ملک میں رنگ بکھیر دیتی ہیں۔ مساجد یا عوامی مقامات پر لوگ بہترین لباس زیب تن کرنے کے بعد نکلتے ہیں اور دن کا آغاز عیدالفطر کی نماز ادا کرنے کے ساتھ کرتے ہیں۔ نماز کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد اور تحائف پیش کیے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی طرح طرح کے پکوانوں سے مہمانوں کی ضیافت کی جاتی ہے۔
مصر
عید کے دوران مصری لوگ خاص طور پر ’’کحک‘‘ نامی ایک ڈش تیار کرتے ہیں جسے ’’کحک العید‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایک طرح کا بسکٹ ہوتا ہے جس میں کھجور اور گری دار میوے بھرے ہوتے ہیں۔ مصر کے لوگ اسے عید سے پہلے سے ہی تیار کرنے لگ جاتے ہیں۔
انڈونیشیا
انڈونیشیا میں عید کے ساتھ ’’مودیک‘‘ کا نہایت گہرا رشتہ ہے۔ مودیک کا مطلب یہ ہے کہ وہاں کے شہری عید کے موقع پر اپنے خاندان کے لوگوں کے ساتھ خوشیاں منانے کے لیے اپنے آبائی وطن لوٹتے ہیں۔ آبائی وطن لوٹ کر عید منانے کی یہ روایت انڈونیشیا میں کافی پرانی ہے اور عید کے موقع پر اسی لیے وہاں سڑکوں پر ٹریفک بھر جاتا ہے۔ تاہم لوگ نہایت خوشی کے ساتھ اپنے خاندان والوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے کے لیے سفر کرتے ہیں اور ’’مودیک‘‘ کی روایت کو زندہ رکھتے ہیں۔
ملائیشیا
انڈونیشیا کے باشندوں کی طرح ملائیشیائی بھی ’’بالک کمپونگ‘‘ مناتے ہیں۔ یعنی وہ اپنے آبائی شہروں کی طرف لوٹ کر اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ عید کی خوشیاں مناتے ہیں اور وقت گزارتے ہیں۔ ملائیشیا میں عید کے موقع سے ’’اوپن ہاؤس‘‘ بھی ایک نہایت اہم روایت ہے۔ اس کے تحت وہاں کے لوگ ہر طرح کے لوگوں کو اپنے گھر کھانا کھانے کے لیے بلاتے ہیں، اس سے قطع نظر کے آنے والا کس شعبۂ زندگی یا علاقے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ روایت وہاں اتحاد کو اور بھی مضبوط کرتی ہے، جس کے عید کی جامعیت اور نمایاں ہو جاتی ہے۔
ترکی
ترکی کے لوگ پیار سے عید الفطر کو “Şeker Bayramı” یا ’’شوگر فیسٹ‘‘ بھی کہتے ہیں۔ بچے جوش و خروش سے پڑوسیوں اور کنبہ والوں سے ملنے جاتے ہیں اور کینڈیز اکٹھا کرتے ہیں۔ بچوں اور نوجوان بالغوں کی خوشی کے لیے عید کے دن میٹھا کھانا ترکی میں عام ہے۔
نائیجیریا
شمالی نائیجیریا میں ’’دربار فیسٹیول‘‘ کے ساتھ عید منائی جاتی ہے۔ یہ ایک طرح کا عظیم الشان جلوس ہوتا ہے جس میں گھڑسوار، موسیقار، رقاص اور دیگر مقامی ثقافتی فن کار اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس جلوس میں نائیجیریا کی ثقافت کی متعدد جھلکیاں پیش کی جاتی ہیں۔
ہندوستان
ہندوستان میں عید کا تہوار بہت رنگارنگ ہوتا ہے۔ بہت سے ہندوستانی دیہاتوں اور شہروں میں عید کے دن رنگارنگ میلے لگتے ہیں، جن میں بچوں کے کھلونے، جھولے، اور مختلف قسم کی مٹھائیاں اور پکوان موجود ہوتے ہیں۔ لوگ نئے کپڑے پہن کر اپنوں کے ساتھ عید کی نماز کے لیے جاتے ہیں اور نماز ادا کرنے کے بعد ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان میں عید کے ساتھ ’’سِویّاں‘‘ بھی نہایت اہم ہیں اور تقریباً ہر گھر میں بنائی جاتی ہیں۔ گھر کے بڑے اپنے چھوٹوں کو ’’عیدی‘‘ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی لوگ اپنے رشتے داروں، دوستوں اور پڑوسیوں کے گھر جا کر عید کی ’’سِویّاں‘‘ ضرور کھاتے ہیں۔ عید کا تہوار ہندوستان میں آپسی بھائی چارے، اتحاد کا بہترین منظر پیش کرتا ہے اور پورے ملک میں خوشیاں بکھیر دیتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔