شرد پوار اور اجیت پوار۔ (فائل فوٹو)
Sharad Pawar vs Ajit Pawar: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پواراوران کے بھتیجے اورمہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے درمیان زبانی جنگ جاری ہے۔ اس درمیان ہفتہ (2 دسمبر) کو شرد پوار نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملانے کا ان کی پارٹی کا رخ ہمیشہ واضح تھا اور اگراس کے برخلاف کوئی مشورہ آتا بھی تھا تو اس مشورے پرغورنہیں کرتے تھے۔ شرد پوار کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب جمعہ (یکم دسمبر 2023) کو اجیت پوار نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ (شرد پوار) بی جے پی سے اتحاد کرنے کے حق میں تھے۔
شرد پوار پر اجیت پوار کا سوال
اجیت پوار نے کہا تھا ’’شرد پوارکا این سی پی صدر عہدے سے استعفیٰ دینا محض ایک ڈرامہ تھا۔ لوگوں کو بلاکر استعفیٰ واپس لینے کے لئے حامیوں کو بلانا بھی رضامندی کا ایک حصہ تھا۔‘‘ انہوں نے شرد پوارکی سیاست پر کئی سوال بھی کھڑے کئے تھے۔ وہیں اجیت پوار پر طنز کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ اگر صبح صبح عہدے کا حلف لینا والا کوئی شخص یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ یہ پارٹی کی پالیسی ہے، تو اس شخص کو سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہئے۔
واضح رہے کہ سال 2019 میں اجیت پوارنے صبح صبح بی جے پی سے اتحاد کرکے نائب وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیا تھا۔ دیویندر فڑنویس نے وزیراعلیی عہدے کا حلف لیا تھا۔ حالانکہ اکثریت نہیں ہونے کے سبب یہ حکومت چاردنوں کے اندرہی گرگئی تھی۔ اجیت پوار نے اعلان کیا ہے کہ ان کا گروپ بارامتی لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑے گا۔ اس سے متعلق بھی شرد پوار نے جواب دیا اور کہا کہ جمہوریت میں کوئی بھی شخص کہیں سے بھی الیکشن لڑنے کے لئے آزاد ہے۔ بارامتی سیٹ سے شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے رکن پارلیمنٹ ہیں۔
-بھارت ایکسپریس