چین کے صدر شی جن پنگ نے اتوار کو تیانجن میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران ہند-چین دوستی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لیے دوست رہنا ’درست انتخاب‘ ہے اور ’ڈریگن اور ہاتھی‘ کی شراکت داری ایک دوسرے کی کامیابی کا باعث بنتی ہے۔ شی جن پنگ نے کہا: ’’چین اور ہندوستان مشرق کی دو قدیم تہذیبیں ہیں۔ ہم دنیا کے دو سب سے زیادہ آبادی والے ممالک اور گلوبل ساؤتھ کے اہم اراکین ہیں۔ دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اپنے عوام کی فلاح، ترقی پذیر ممالک میں یکجہتی و بیداری، اور انسانی معاشرے کی پیشرفت کو فروغ دیں۔‘‘
متعدد شعبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار
وزیراعظم مودی نے اس موقع پر باہمی اعتماد، احترام اور حساسیت کی بنیاد پر تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں امن قائم ہونے اور متعدد شعبوں میں پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا، ساتھ ہی کیلاش مانسروور یاترا کی بحالی اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کے آغاز کا ذکر کیا۔ وزیراعظم مودی نے کہا: ’’گزشتہ سال قازان میں ہماری بات چیت نے تعلقات کو مثبت سمت دی۔ سرحدی علاقوں میں علیحدگی کے بعد امن و استحکام کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ سرحدی انتظامات پر خصوصی نمائندوں کے درمیان معاہدہ ہو چکا ہے۔ کیلاش مانسروور یاترا بحال ہو گئی ہے اور براہِ راست پروازیں بھی دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔‘‘
روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات متوقع
انہوں نے چین کی ایس سی او صدارت کی کامیابی پر صدر شی کو مبارکباد دی اور گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم مودی ہفتہ کی شام تیانجن پہنچے، جو ان کا سات سال بعد پہلا چین دورہ ہے۔ حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک نے تعلقات میں نرمی لانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں لداخ اور سکم کے راستے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی، براہِ راست پروازوں کے آغاز پر اتفاق، اور ویزا سہولیات میں بہتری شامل ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا اجلاس آج شام تیانجن کے میجیانگ کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں شروع ہو گا، جس میں وزیراعظم مودی کی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
