نئی دہلی: راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور اترپردیش کے سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے منگل کے روز منی پور مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) دوسرے ترمیمی بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے الزام لگایا کہ منی پور میں بڑھتے ہوئے انتہاپسندی اور تارکین وطن کے مسئلے کی براہِ راست ذمہ دار کانگریس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اس خطے میں امن بحال کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور سابق کانگریس حکومت کے دور سے جاری افراتفری پر روک لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
’منی پور جی ایس ٹی دوسرا ترمیمی بل‘ مرکز اور ریاست کے درمیان بہتر ہم آہنگی کا ذریعہ
ڈاکٹر شرما نے ایوان میں حکومت کا مؤقف رکھتے ہوئے کہا کہ یہ بل مرکز اور ریاستی قوانین کے درمیان ہم آہنگی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور منی پور میں ٹیکس انتظامیہ کو بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرنے میں سہولت ملے گی۔ بل کی منظوری کے بعد ریاست میں نافذ ٹیکس قوانین جی ایس ٹی کے مطابق نافذ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ترمیم کے تحت ہائی رسک اشیاء کے لیے ڈیجیٹل ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت جرمانے کا انتظام ہے، کم از کم 1 لاکھ روپے یا باقی ماندہ ٹیکس کا 10 فیصد، جو بھی زیادہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے باعث ان پٹ ٹیکس کریڈٹ سے متعلق تنازعات ختم ہوں گے اور ایماندار تاجروں پر بوجھ کم ہوگا۔
’انتہا پسندی میں 82 فیصد کمی مودی حکومت کی کامیابی‘
ڈاکٹر شرما کے مطابق، حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں منی پور میں انتہا پسندی کی وارداتوں میں 82 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ریاست بدامنی کے دور سے باہر آرہی ہے، یہ بل ریونیو کلیکشن کو مستحکم کرنے اور ترقی کے لیے سازگار ماحول بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
’کانگریس دور کی غلط پالیسیاں ریاست کی تباہی کا سبب‘
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے دور میں انتظامی خامیوں نے غیر قانونی معیشت، جعلی بلنگ اور اسمگلنگ کو فروغ دیا، جبکہ مودی حکومت نے ٹیکنالوجی کی مدد سے اس پر سخت ضرب لگائی ہے۔ ڈاکٹر شرما نے بتایا کہ حکومت نے ریاست میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے لیے 12,391 کروڑ روپے منظور کیے اور 1026 کلومیٹر پر مشتمل 50 قومی شاہراہیں بھی منظور کی گئیں۔
’چھوٹے تاجروں کے لیے انصاف کا راستہ آسان‘
ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کے فیصلوں نے عدالتی نظام میں مساوات کو مضبوط بنایا ہے۔ پہلے چھوٹے تاجروں کو اپیل کرنے سے قبل بھاری پیشگی جمع کرانی پڑتی تھی، مگر ترمیم کے بعد اسے 10 فیصد تک محدود کردیا گیا ہے۔
سیکورٹی نظام مضبوط، سماجی اصلاحات تیز
ڈاکٹر شرما نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں 10 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے اور 1500 کلو میٹر بارڈر پر باڑ لگانے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی بھی کانگریس کی سرحدی سلامتی کی ناکامی کا اعتراف کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیم، کھیل اور فنون کے لیے 507 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ ترقی کا فائدہ سماج کے آخری فرد تک پہنچ سکے اور امن و قانون کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اختتام میں انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی کی قیادت میں ملک ترقی کے راستے پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ منی پور میں امن، مضبوط معیشت اور محفوظ مستقبل کے لیے حکومت پوری طرح پرعزم ہے‘‘۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
