راہل گاندھی کے لئے امیٹھی سے پرچہ نامزدگی خرید لی گئی ہے۔
Rahul Gandhi Nomination Form: لوک سبھا الیکشن 2024 کے لئے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 7 مئی کو ہونی ہے۔ اس سے پہلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی پرچہ نامزدگی سے متعلق قیاس آرائیاں تیزہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، راہل گاندھی امیٹھی سے ہی الیکشن لڑنے والے ہیں اوراس کی تیاریاں بھی شروع ہوچکی ہیں۔ ان کا پرچہ نامزدگی خریدنے کے لئے ضلع مہامنتری برجیش ترپاٹھی کچہری پہنچے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی پرچہ نامزدگی کے آخری دن پرچہ داخل کریں گے۔ دراصل امیٹھی سے کانگریس کے امیدوار کا باضابطہ اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے، ایسے میں قیاس آرائیوں کا بازارگرم ہے۔ امیٹھی سے بی جے پی کی امیدوارمرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرچکی ہیں۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو کے ساتھ کلکٹریٹ پہنچ کر انہوں نے اپنا پرچہ نامزدگی ضلعی انتخابی افسر نشا اننت کو سونپا۔
راہل گاندھی کے لئے تیاریاں ہوچکی ہیں مکمل: کانگریس
وہیں، امیٹھی پہنچے سونیا گاندھی کے نمائندہ کشوری لال شرما نے کہا کہ گاندھی فیملی کا رکن ہی الیکشن لڑے گا۔ تمام تیاریاں راہل گاندھی کے لئے ہی کی گئی ہیں، کسی دوسرے شخص کے لئے نہیں۔ پارٹی کارکنان یہی چاہتے ہیں کہ گاندھی فیملی کا رکن ہی امیٹھی سے الیکشن لڑے۔
جے رام رمیش نے کیا کہا؟
راہل گاندھی کے امیٹھی سے الیکشن لڑنے سے متعلق کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا، ”پارٹی صدرملیکا ارجن کھڑگے آئندہ 24 سے 30 گھنٹے امیٹھی اور رائے بریلی کے امیدواروں کے نام طے کریں گے۔“ اس درمیان، ذرائع کے مطابق، پرینکا گاندھی واڈرا اس سال لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گی، لیکن وہ پارٹی کے لئے انتخابی تشہیر پر توجہ مرکوز کریں گی۔
کانگریس لیڈران کا ماننا ہے کہ اگرگاندھی بھائی-بہنوں میں سے کوئی بھی ایک وقت پارٹی کے گڑھ رہے اس علاقے سے الیکشن نہیں لڑتا ہے تو اس سے ایک منفی سیاسی پیغام جائے گا۔ دونوں سیٹوں سے دعویداروں کے نام طے نہیں ہونے سے پارٹی پہلے ہی بیک فٹ پر ہے۔ اگر راہل گاندھی کیرلا کے وائناڈ اورامیٹھی دونوں جیت جاتے ہیں تو انہیں ایک سیٹ چھوڑنی پڑے گی۔ ایک سیٹ نے انہیں 2004 میں پہلی بار لوک سبھا میں انٹری دلائی اور دوسری نے انہیں 2019 میں رکن پارلیمنٹ بنایا۔
بھارت ایکسپریس۔