نئی دہلی: مغربی بنگال، آسام سمیت ملک کی چار ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چار مئی کی یہ شام ڈھل رہی ہے، لیکن بنگال کی سرزمین پر ایک نئی صبح کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملک کی 20 سے زائد ریاستوں میں بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومتیں قائم ہیں، جو عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق عوام یہ بخوبی دیکھ رہی ہے کہ جہاں بی جے پی ہے وہاں اچھی حکمرانی اور ترقی یقینی ہے۔
انہوں نے مغربی بنگال کے حوالے سے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال بنگال کا خواب کئی دہائیوں سے ادھورا تھا، مگر آج عوام نے بی جے پی کو اس خواب کو پورا کرنے کا موقع دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنگال کی تقدیر میں آج سے ایک نیا باب شامل ہو گیا ہے اور ریاست خوف سے آزاد ہو کر ترقی کے راستے پر گامزن ہونے جا رہی ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بانی جن سنگھ سیاما پرساد مکھرجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی روح کو سکون ملا ہوگا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے 1951 میں جن سنگھ کی بنیاد رکھ کر کارکنان کو یہ پیغام دیا تھا کہ قوم کے لیے جینا اور مرنا ہی اصل مقصد ہے۔ وزیراعظم کے مطابق ڈاکٹر مکھرجی نے مغربی بنگال کو بھارت کا حصہ بنائے رکھنے کے لیے بڑی جدوجہد کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس جیت کے ساتھ “وندے ماترم” کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر بھی بنگال کے عوام نے بھارت ماتا اور عظیم مفکر بنکم چندر چٹوپادھیائے کو خراج پیش کیا ہے۔ انہوں نے سری اروبندو کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ ووٹروں نے انہیں تاریخی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے بنگال کے عوام کو یقین دلایا کہ بی جے پی ریاست کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ان کے مطابق خواتین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا، نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور ہجرت کے مسئلے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پہلی کابینہ میٹنگ میں آیوشمان بھارت اسکیم کو منظوری دی جائے گی اور غیر قانونی دراندازی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے پارٹی کارکنان کی قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنگال اور کیرلم میں بی جے پی کارکنان کو شدید مشکلات اور مظالم کا سامنا کرنا پڑا، مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ خاص طور پر خواتین کارکنان کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ آخر میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ کامیابی صرف بی جے پی کی نہیں بلکہ بنگال کے عوام کی جیت ہے۔ انہوں نے اس فتح کو عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے، جہاں امید، ترقی اور اعتماد کی روشنی پورے بنگال میں پھیلے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


