Bharat Express

Jammu and Kashmir: محبوبہ مفتی کا بی جے پی حکومت پر بڑا الزام، کہا- بی جے پی آنے والے وقت میں قومی پرچم کی جگہ بھگوا جھنڈا لہرائے گی

Jammu Kashmir News: جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ بات چیت اور مصالحت ہی علاقے میں مستقل امن وامان کا واحد طریقہ ہے۔

پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی۔ (فائل فوٹو)

جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلزڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیرمیں مستقل امن وامان کے لئے بات چیت کو واحد حل بتاتے ہوئے ہفتہ کے روز کہا کہ کوئی ملک کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو، اپنے لوگوں کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا۔ محبوبہ مفتی آج یہاں بجبہاڑہ میں پی ڈی پی کے بانی مفتی محمد سعید کی برسی کے موقع پر کارکنان کو خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے اپنے والد اورپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے بانی اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی ساتویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پارٹی کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پرسخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے 2019 میں جموں وکشمیر کی پہچان کو تباہ کردیا اور آگے بھی کرے گی۔

اپنے لوگوں کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا کوئی ملک

سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مفتی صاحب ہمیشہ مانتے تھے کہ کوئی ملک کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو، وہ اپنے لوگوں کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی ہندوستان کے آئین کو کمزورکر رہی ہے۔ یہ وہ ہندوستان نہیں ہے، جس کے ساتھ ہم نے اتحاد کیا تھا۔

واحد راستہ ہے بات چیت: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بات چیت اور مصالحت ہی خطے میں مستقل امن کا واحد طریقہ ہے۔ اپنے والد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب نے پوری زندگی اسے بنائے رکھا، لیکن حکومتوں نے کبھی دھیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے رکن اورمرکزی وزیر داخلہ کے طور مفتی صاحب نے بات چیت کے ذریعہ سے امن وامان قائم کرنے کی پرزور وکالت کی۔ وہ اپنی وفات سے پہلے جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ کے طور پر ایسا کرتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کشمیر مسئلے کو حل کردے گی، لیکن وہ ناکام رہی۔

یہ بھی پڑھیں:  Mehbooba Mufti on CRPF: سی آرپی ایف کی تعیناتی سے مشتعل ہوئیں محبوبہ مفتی، دفعہ 370 ہٹائے جانے سے متعلق کہی یہ بڑی بات

  جموں وکشمیر گاندھی کے ہندوستان میں شامل ہوا

جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر مہاتما گاندھی کے ہندوستان میں شامل ہوا نہ کہ گوڈسے کے ہندوستان میں۔ بی جے پی نے سال 2019 میں جموں وکشمیر کی پہچان کو تباہ کردیا اورمستقبل میں ملک کی پہچان کو برباد کردے گی۔ انہوں نے (بی جے پی) ہمارا پرچم چھین لیا۔ وہ دن دورنہں جب بھگوا، ترنگے کی جگہ لے لے گا، جس کے لئے ہزاروں ہندوستانیوں نے اپنے جان کی قربانی دی ہے۔

-بھارت ایکسپریس