مغربی بنگال میں ٹی ایم سی اورمہاراشٹرمیں ادھوٹھاکرے گروپ کی شیوسینا میں ٹوٹ کے بعد اب یوپی کی اہم اپوزیشن پارٹی سماجوادی پارٹی (ایس پی) میں بھی انتشارکا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ یہ دعویٰ یوپی حکومت کے کابینی وزیراورسہیل دیوبھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھرنے کیا ہے۔ انہوں نے اپنے باضابطہ ایکس ہینڈل پرٹوئٹ کرکے سماجوادی پارٹی میں بڑی ٹوٹ کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے ایکس پرلکھا، ”سماجوادی پارٹی میں بڑی ٹوٹ ہوگی۔ رام گوپال یادو نے مرکزی وزیر امت شاہ کو خط سونپا ہے۔”
اوم پرکاش راج بھرکے بیان پر سماجوادی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے اوم پرکاش راج بھر کو’بے وقوف’ قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی باتوں کو توجہ نہیں دیتے۔ رام گوپال یادو نے کہا کہ ‘بے وقوفوں’ کی باتوں پرمیں نوٹس نہیں لیتا ہوں۔ سماجوادی پارٹی میں ٹوٹ کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ جو کہہ رہا ہے وہ اپنی پارٹی کی فکرکرے۔
پوری سماجوادی پارٹی میں بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے تیار: راج بھر
اوم پرکاش راج بھرنے کہا کہ پورا اتر پردیش جانتا ہے کہ کان کنی گھوٹالہ اورگومتی ریورفرنٹ گھوٹالہ کے پیچھے ماسٹرمائنڈ کون ہے۔ شکنجہ کس رہا ہے تو پوری سماجوادی پارٹی پریشان ہے۔ مہاراشٹراوربنگال کوبھول جائیں، پوری بی جے پی میں شامل ہونے کوتیارہے۔
بی جے پی کے ساتھ جائیں گے سماجوادی پارٹی کے باغی: راج بھر
ایکس ہینڈل پرپوسٹ کے بعد اوپی راج بھرکے بیان کا ایک ویڈیوبھی سامنے آیا ہے۔ ان میں وزیر اوپی راج بھر نے دعویٰ کیا کہ سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر رام گوپال یادو نے امت شاہ کو ایک خفیہ خط سونپ دیا ہے۔ رام گوپال یادو خط دینے کے بعد مسکراتے ہوئے چلے گئے۔ جو بنگال میں ٹی ایم سی کا ہوا، مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کا حشرہوا وہ اب یوپی میں سماجوادی پارٹی کا ہوگا۔ راج بھرنے کہا کہ ممکنہ طورپر رام گوپال یادو نے خط میں ان اراکین پارلیمنٹ کے نام دیئے ہوں گے، جو ٹوٹ سکتے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کی بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ ٹوٹنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سماجوادی پارٹی سے ٹوٹنے والے اراکین پارلیمنٹ بی جے پی کے ساتھ جاسکتے ہیں۔
برہمن لیڈران کے ساتھ میٹنگ پرکیا طنز
راج بھرنے کہا کہ ذات پات کے نظام میں برہمن سب سے زیادہ پڑھے لکھے ہیں۔ اب برہمن سماج کواکھلیش یادو سمجھانے کا کام کررہے ہیں۔ اٹاوہ میں کتھا واچک تنازعہ میں اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ یادو بھی کتھا سنا سکتا ہے۔ او پی راج بھرنے کہا کہ ایس پی کے برہمن کنونشن میں صرف یادوہی نظرآئیں گے۔ جس طرح بی ایس پی کی میٹنگوں میں جنیو پہن کرکیڈرکے لیڈربیٹھتے تھے، اسی طرح ایس پی بھی یادووں کو برہمن کنونشن میں بٹھائے گی۔
ٹی ایم سی کے بعد شیوسینا یوبی ٹی کے ایم پی ہوئے باغی
واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں بنگال الیکشن کے بعد ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں بڑی ٹوٹ ہوئی ہے۔ اس کے بعد اب مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کے 6 اراکین پارلیمنٹ نے بغاوت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ادھو ٹھاکرے گروپ کے باغی اراکین پارلیمنٹ نے اسپیکر سے ملاقات کرکے دستخط والا خط سونپا ہے۔ باغی اراکین پارلیمنٹ نے ایکناتھ شندے کی شیوسینا کو حمایت دی ہے۔ اس طرح سے مہاراشٹر میں اب ادھو ٹھاکرے کو جھٹکا لگا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


