اجیت پوار کی این سی پی نے دہلی میں 11 امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
Delhi NCP Candidate List 2025: اجیت پوارکی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے دہلی اسمبلی الیکشن میں اپنے امیدواراتاردیئے ہیں۔ این سی پی نے 11 امیدواروں کوٹکٹ دیا ہے۔ این سی پی نے براڑی، بادلی، منگول پوری، چاندنی چوک، بلیماران، چھتر پور، سنگم وہار، اوکھلا، لکشمی نگر، سیما پوری اورگوکل پوری سے امیدواروں کا اعلان کیا۔
این سی پی کے پارلیمانی بورڈ کی منظوری کے بعد پہلے مرحلے میں 11 امیدواراوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اجیت پوارنے براڑی سے رتن تیاگی، بادلی سے ملائم سنگھ، منگول پوری سے کھیم چند، چاندنی چوک سے خالد الرحمٰن، بلیماران سے محمد ہارون، چھترپورسے نریندرتنور، سنگم وہارسے قمراحمد، اوکھلا سے عمران سیفی، لکشمی نگرسے نماہا، سیما پوری سے راجیش لوہیا اورگوکل پوری سے جگدیش بھگت کوامیدواربنایا گیا ہے۔
این ڈی اے کے ساتھ الائنس کا کھلا رکھا تھا متبادل
گزشتہ دنوں این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی پہلے بھی دہلی میں الیکشن لڑتی رہی ہے اوراس باربھی الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اتحاد کے لئے این ڈی اے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حالانکہ جس طرح این سی پی نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا، اس سے ظاہرہوگیا ہے کہ وہ بی جے پی کے ساتھ مل کریہ الیکشن نہیں لڑ رہی ہے۔ تاہم آج جس طرح سے این سی پی نے دہلی اسمبلی الیکشن کے لئے اپنے 11 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرکے انتخابی دستک دی ہے، اس سے واضح ہوگیا کہ اس بار دہلی کا الیکشن بہت ہی دلچسپ ہونے جا رہا ہے۔
امیدواروں کے اعلان میں عام آدمی پارٹی سب سے آگے
واضح رہے کہ دہلی میں کل 70 اسمبلی سیٹیں ہیں، جس میں عام آدمی پارٹی نے سبھی 70 اسمبلی سیٹوں پراپنی امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ وہیں کانگریس نے بھی اپنے امیدواروں کی دوفہرست جاری کردی ہے اور70 میں سے 47 امیدواروں کا اعلان اب تک کردیا ہے۔ بی جے پی کی ابھی تک ایک بھی فہرست نہیں ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی بی جے پی کی فہرست بھی جاری ہوسکتی ہے۔ وہیں اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بھی پوری طرح سے سرگرم ہے۔
بھارت ایکسپریس۔