آج بی جے پی رہنما نائب سنگھ سینی دوسری بار ہریانہ کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ اس سال کے شروع میں، انہیں منوہر لال کھٹر کی جگہ ہریانہ کا وزیر اعلی بنایا گیا تھا، ہریانہ میں بی جے پی کی تاریخی جیت کے بعد، نائب سنگھ سینی جمعرات (17 اکتوبر) کو ہریانہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔نائب سنگھ سینی (54) نے بدھ (16 اکتوبر) کو گورنر بنڈارو دتاتریہ سے ملاقات کی تھی اور پنچکولہ میں پارٹی دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں متفقہ طور پر بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر منتخب ہونے کے بعد اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیاتھا۔ پنچکولہ میں منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
آج دوپہر 12.30بجے ہریانہ میں نائب سنگھ سینی کی ہونے والی حلف برداری تقریب میں پی ایم مودی اوروزیرداخلہ امت شاہ کے علاوہ راجناتھ سنگھ اور جے پی نڈا (بی جے پی کے قومی صدر) سمیت کئی مرکزی وزراء، کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پارٹی کے سینئر لیڈر شرکت کریں گے۔حالانکہ بی جے پی نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بھی اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی ،لیکن انہوں نے شرکت سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ہریانہ میں 5 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں، بی جے پی نے 90 رکنی اسمبلی میں 48 سیٹیں جیت کر ریاست میں تاریخی تیسری بار کامیابی حاصل کی۔ وہیں کانگریس نے 37 سیٹیں جیتی ہیں۔ ہریانہ میں مسلسل تیسری بار بی جے پی کی حکومت بننے کے ساتھ ہی سینی دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ اس بڑے پروگرام میں تقریباً 50,000 لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
بھارت ایکسپریس۔