Bharat Express DD Free Dish

کیا این سی پی کے دونوں گروپوں کا ہوگا انضمام؟ شرد پوار کی پارٹی کے لیڈر نے واضح کردی تصویر، جانئے پوری تفصیل

انل دیشمکھ نے این سی پی کے دونوں گروپوں کے انضمام کا امکان ازسرنو خارج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی میں شامل ہونے والے کسی بھی شخص کا استقبال ہے، لیکن پارٹیوں کے انضمام کا کوئی سوال نہیں۔

مہاراشٹرکے سابق وزیرداخلہ اورنیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندرپوارگروپ) کے سینئرلیڈرانل دیشمکھ نے این سی پی کے دونوں حریف گروپوں کے ممکنہ انضمام کی قیاس آرائیوں کومسترد کردیا ہے۔ انہوں نے صاف کہا کہ دونوں پارٹیوں کے انضمام کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ انل دیشمکھ نے کہا کہ جوبھی ان کی پارٹی میں شامل ہونا چاہتا ہے، اس کا خیرمقدم ہے، لیکن حکمراں این سی پی اوراپوزیشن این سی پی (شرد چندرپوار) کے ایک ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان ان قیاس آرائیوں کے درمیان سامنے آیا ہے، جب حکمراں این سی پی کی مہاراشٹریونٹ کے صدرسنیل تٹکرے نے دعویٰ کیا تھا کہ اگراجیت پوارزندہ ہوتے توفروری میں ہی دونوں گروپوں کا انضمام ہوگیا ہوتا۔

اجیت پوارزندہ ہوتے توہوجاتا انضمام: سنیل تٹکرے

سنیل تٹکرے نے اس سے قبل کہا تھا کہ اگراس وقت کے نائب وزیراعلیٰ اورپارٹی صدراجیت پوارزندہ ہوتے تواسی سال فروری میں این سی پی کے دونوں گروپوں کا انضمام ہوگیا ہوتا۔ واضح رہے کہ اجیت پوارکی 28 جنوری کو پونے ضلع کے بارامتی میں ایک طیارہ حادثے میں موت ہوگئی تھی۔ انل دیشمکھ نے ناگپورمیں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سنیل تٹکرے انضمام کے معاملے پربارباراپنا بیان تبدیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوارکی زندگی میں ہی یہ طے ہوگیا تھا کہ این سی پی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت سے الگ ہوجائے گی اوردونوں گروپوں کا انضمام ہوجائے گا۔ انل دیشمکھ کے مطابق، اجیت پوارکی اچانک موت کے بعد تٹکرے نے دعویٰ کیا تھا کہ اس وقت کے این سی پی صدرنے دونوں حریف گروپوں کے ممکنہ انضمام کے بارے میں پارٹی لیڈران کوکوئی اطلاع نہیں دی تھی۔ سابق وزیر نے سوال اٹھایا کہ اب تٹکرے یہ دعویٰ کیوں کررہے ہیں کہ اگراجیت پوارزندہ ہوتے تو12 فروری کو دونوں گروپوں کا انضمام ہوگیا ہوتا۔

پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم

انل دیشمکھ نے زوردے کرکہا کہ حکمراں این سی پی اوراپوزیشن این سی پی (شرد چندرپوار) کے ایک ساتھ آنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ”اگر کوئی ہماری پارٹی میں شامل ہونا چاہتا ہے تواس کا خیرمقدم ہے، تاہم دونوں جماعتوں کے انضمام کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔”

شرد پوار سے ملاقات کے لیے اسپتال پہنچے نائب وزیر اعلیٰ

سنیل تٹکرے کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب مہاراشٹرکے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اورسینئرلیڈران کا ایک گروپ این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوارسے ملاقات کے لئے بریچ کینڈی اسپتال پہنچا۔ شرد پوارسینے میں جکڑن کے علاج کے لئے اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ این سی پی اوراین سی پی (شرد چندر پوار) کے دوبارہ ایک ہونے کے امکانات گزشتہ کئی ماہ سے مہاراشٹرکے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں، تاہم انل دیشمکھ کے تازہ بیان نے ان قیاس آرائیوں کوایک بارپھرنئی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read