Bharat Express

مولانا محمد رحمانی مدنی کی مکہ مکرمہ میں ائمہ حرمین اور وزیر برائے دینی امور سے خاص ملاقات، دینی وعلمی امور پر تبادلہ خیال

ہندوستان سے اس کانفرنس میں مولانا محمدرحمانی کے علاوہ، مولانا سید ارشد مدنی، مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی، مولانا اسعد اعظمی، مولانا عبدالسلام سلفی، مولانا ارشد مختار، ڈاکٹر حسین مڈورکویا، مولانا عبداللطیف کندی جیسی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مولانا محمد رحمانی مدنی نے مکہ مکرمہ میں ائمہ حرمین اور وزیر برائے دینی امور سے خاص ملاقات کی۔

نئی دہلی: مکہ مکرمہ کے ہلٹن ہوٹل کے کنونشن سنٹرمیں منعقدہ دوروزہ سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود حفظہ اللہ کی سربراہی اوردینی امورکے وزیرفضیلۃ الشیخ عبداللطیف بن عبدالعزیزکے زیراہتمام منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں 85 ممالک کی 150 اہم اورچنند ہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس اہم کانفرنس میں ہندوستان سے بھی بعض منتخب شخصیات کی شرکت باعث فخر ہے۔ واضح رہے کہ اس اہم کانفرنس میں ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر،نئی دہلی کے صدر اورجامعہ اسلامیہ سنابل کے رئیس فضیلۃ الشیخ محمد رحمانی سنابلی مدنی کا انتخاب تقریباً ایک سال قبل ہی کرلیا گیا تھا، لیکن بعض وجوہات سے کانفرنس کے انعقاد میں تاخیر ہوتی گئی۔  مولانا محمد رحمانی نے اس کانفرنس میں اپنا مقالہ بھی پیش کیا اورجومنتخب مقالہ نگاران تھے ان کا تعارف اوران کے مقالات کا خلاصہ وزارت برائے دینی امورنے کتابی شکل میں شائع بھی کیا ہے۔

کانفرنس کے دوران مولانا محمد رحمانی نے سعودی عرب کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں اوربہت سے مسائل اور دینی وعلمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا جن شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں ان میں وزیر برائے دینی امور معالی الشیخ عبداللطیف آل الشیخ، مدینہ منورہ کے قاضی ومفتی فضیلۃ الشیخ صالح سعد السحیمی، شؤ ن حرمین شریفین کے رئیس امام کعبہ فضیلۃ الشیخ عبدالرحمان السدیس، حرم نبوی کے سینئر امام، امام الحرمین الشریفین فضیلۃ الشیخ علی بن عبدالرحمان الحذیفی اوردیگر بعض اہم شخصیات اورعلماء حفظہم اللہ سے مکہ اور طائف میں ملاقاتیں کیں اوربالخصوص اپنے والد رحمہ اللہ کے دیرینہ دوست علامہ صالح سعد سحیمی حفظہ اللہ اوردیگر بعض علماء سے بہت سے علمی مسائل پر تبادلہئ خیال بھی کیا۔
ہندوستان سے اس کانفرنس میں مولانا محمدرحمانی کے علاوہ، جمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا سید ارشد مدنی، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیرمولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی، مولانا اسعد اعظمی (جامعہ سلفیہ بنارس)، مولانا عبدالسلام سلفی (امیرصوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی)، مولانا ارشد مختار(صدر جامعہ محمدیہ منصورہ مالیگاؤں)، ڈاکٹر حسین مڈورکویا (جامعہ ملیباراسلامیہ کیرلا)، مولانا عبداللطیف کندی (امیرجمعیت اہل حدیث کشمیر) جیسی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ قابل ذکرہے کہ ان شخصیات میں سے دوشخصیات جامعہ اسلامیہ سنابل کے صدر مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی اورجامعہ سلفیہ بنارس کے شیخ اسعد اعظمی کو باقاعدہ کانفرنس میں علمی مقالہ پیش کرنے کے لئے منتخب کیا گیا تھا جبکہ دیگرشخصیات کوبھی مختلف مجالس میں مقالات کی تقدیم کے بعد مقالات یا مختلف موضوعات پرتبصرہ یا سوال کرنے کے وقفہ میں خیالات یا کلمات پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔
مولانا محمد رحمانی مدنی نے قرآن وسنت کومضبوطی سے تھامنے اوراس سلسلہ میں ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹراورجامعہ اسلامیہ سنابل کی کاوشوں نیزسنٹرکے بانی علامہ عبدالحمید رحمانی رحمہ اللہ کی کوششوں کا تذکرہ کیا اورکانفرنس میں موجود علمائے کرام اورمفتیان عظام کواس بات کا احساس دلایا کہ ہمیں خانہ کعبہ کے بغل میں بیٹھ کراس اہم کانفرنس میں جوموقع اللہ کے فضل سے ملا ہے، ہمیں اپنے اوراللہ کے درمیان اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ ہم اس پرکتنی وفا کررہے ہیں اوراپنی ذمہ داریوں کوکتنا نبھارہے ہیں۔
مولانا رحمانی نے جاری اپنے بیان میں کہا  کہ جہاں یہ شرف کی بات ہے کہ اس اہم کانفرنس میں شرکت کا موقع ملا وہیں میرے لیے یہ بھی شرف کی بات ہے کہ ہندوستان سے شرکت کے لئے جانے والی شخصیات کی خدمت کا موقع بھی ملا اوردوران سفران شخصیات سے مختلف اموربالخصوص مدارس اسلامیہ سے متعلق اہم امورپرتبادلہ خیال بھی ہوا۔ مولانا محمد رحمانی مدنی نے کانفرنس کی کامیابی پرسعودی حکومت اوروزارت برائے دینی امور سعودی عرب، سعودی سفارت خانہ نئی دہلی نیزتمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔

 بھارت ایکسپریس۔