منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ معاملے کی وائرل ویڈیوپر اپوزیشن لیڈران برہم، حکومت سے کیا یہ بڑا مطالبہ
Manipur Violence Viral Video: خواتین کی برہنہ پریڈ کے معاملے میں ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اس کی مزمت کر رہی ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ اب تک اس معاملہ پر حکومت خاموش کیوں ہے۔ تاہم وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ، یہ واقعہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے شرمناک ہے اور اس سے پورے ملک کی بے عزتی ہوئی ہے۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز سے قبل میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اہل وطن کو یقین دلایا کہ اس معاملے میں قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا اور قانون سختی سےایک کے بعد ایک قدم اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کی بیٹیوں کے ساتھ جو ہوا ہے… اس کے قصورواروں کو کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا ہے۔
اسدالدین اویسی نے کہا- مجبوری میں دیا ہے رد عمل
وزیراعظم کو دو ماہ بعد احساس ہوا کہ وہاں کوکی برادری کے لوگوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مجبوری میں اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے، کیونکہ یہ ویڈیو پوری دنیا میں وائرل ہو رہا ہے کہ پولیس کی حراست سے باہر لے جانے کے بعد وہاں کی خواتین کو کس طرح بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔
منی پور معاملہ پر وزیر اعظم نے چپی توڑی یہ اچھی بات ہے-کپل سبل
راجیہ سبھا ایم پی اور سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہا کہ، وزیر اعظم نے منی پور کے واقعے کے حوالے سے خاموشی توڑی جو کہ اچھی بات ہے لیکن منی پور میں اب تک جو کچھ ہوا، لوٹ مار، منی پور جل رہا تھا، اتنی توڑ پھوڑ ہوئی اس وقت وزیر اعظم خاموش کیوں رہے؟ وزیر داخلہ خاموش کیوں تھے؟ اس واقعے پر سپریم کورٹ کے تبصرے کے بعد وزیراعظم نے اپنا بیان دیا اس سے پہلے وہ خاموش کیوں تھے۔ وہ ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
AAP ایم پی راگھو چڈھا نے کہا-افسوس کہ مرکزی حکومت ماننے کو تیار نہیں کہ منی پور جل رہا ہے
عآپ ایم پی راگھو چڈھا نے کہا کہ، منی پور سے ایک ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس نے انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ مرکزی حکومت یہ ماننے کو تیار نہیں کہ منی پور جل رہا ہے اور یہاں سب ٹھیک نہیں ہے۔ میں بی جے پی سے پوچھنا چاہتا ہوں، کیا یہ ہمارا 21ویں صدی کا ہندوستان ہے؟ کیا یہی وہ ہندوستان ہے جس کی ترقی کی داستان پی ایم مودی بیرون ملک گاتے ہیں؟ 38 پارٹیوں کی میٹنگ ہوئی لیکن 38 میں کسی بھی لیڈر نے پی ایم مودی سے نہیں پوچھا کہ منی پور کیوں جل رہا ہے۔
-بھارت ایکسپریس