Bharat Express

Lok Sabha Election 2024: ’اویسی جیسے لیڈران کا منہ بند کردینا چاہئے‘، بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کا عجیب وغریب بیان

حیدرآباد لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوارمادھوی لتا پرچہ نامزدگی داخل کرنے پہنچی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اویسی جیسے لیڈران نفرت پھیلانے کا کام کررہے ہیں۔

حیدرآباد سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا نے اسدالدین اویسی کے خلاف متنازعہ بیان دیا ہے۔

Lok Sabha Election 2024: حیدرآباد سے بی جے پی امیدوارمادھوی لتا نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اسدالدین اویسی سے متعلق عجیب وغریب بیان دیا ہے۔ مادھوی لتا نے کہا کہ اکبرالدین اویسی اوراسدالدین اویسی جیسے لیڈران کا منہ بند کروا دینا چاہئے کیونکہ یہ عام آدمی کے اندر زہرگھولنے کا کام کررہے ہیں۔

 مادھوی لتا حیدرآباد لوک سبھا سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے پہنچی تھیں۔ بی جے پی امیدوارنے وزیراعظم نریندرمودی پراسدالدین اویسی کے دیئے گئے بیان سے متعلق انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ مادھوی لتا نے کہا کہ وزیراعظم کے کون سے منصوبے پرہندومسلمان لکھا ہوا ہے۔ اکبرالدین اویسی اوراسدالدین اویسی جیسے لیڈران کے منہ بند کردینے چاہئے۔ یہ سماج میں نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔

‘فساد کے لئے مودی ذمہ دار ہوں گے’

دراصل، اسدالدین اویسی نے بہارکے کشن گنج میں کہا تھا، ”وزیراعظم مودی کی ایک ہی گارنٹی ہے مسلمانوں سے نفرت کی گارنٹی۔ 2002 سے ہی وہ مسلمانوں سے نفرت کر رہے ہیں، ملک میں 17 کروڑ مسلمان آبادی ہے، وہ سب کے وزیراعظم ہیں، اگرکل فساد ہوتا ہے تو اس کے لئے مودی ذمہ دارہوں گے۔” اویسی نے مزید کہا، ”کہاں گیا سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس، الیکشن ختم ہونے کے بعد نفرت بڑھ جائے گا۔ وہ ہٹلرکی زبان بول رہے ہیں۔”

مادھوی لتا نے کیا کہا؟

اسدالدین اویسی کے اس بیان پرمادھوی لتا نے کہا کہ ”جتنی بھی اسکیمیں ہم لائے ہیں، ان میں کہاں ہندومسلمان لکھا ہے، یہ عوام کے اندرزہرکھولنے کا کام کررہے ہیں۔ جب کانگریس کہتی ہے کہ لوگوں کی جائیداد مسلمانوں میں تقسیم کردیں گے، اس وقت یہ کہاں رہتے ہیں۔” قابل ذکرہے کہ اسدالدین اویسی حیدرآباد لوک سبھا سیٹ سے 2004 سے ہی مسلسل جیت رہے ہیں۔ اس باربی جے پی نے مادھوی لتا کوانتخابی میدان میں اتارا ہے۔ اس طرح سے مقابلہ کافی دلچسپ ہوگیا ہے۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read