Bharat Express

Congress-AAP Alliance in Delhi: یوپی کے بعد دہلی سے انڈیا الائنس کے لئے خوشخبری، عام آدمی پارٹی اورکانگریس کے درمیان ڈیل فائنل

عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے دہلی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے لیے تین سیٹوں کی پیشکش کی ہے۔ عام آدمی پارٹی خود 7 میں سے چار سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ حالانکہ فی الحال کانگریس اس پیشکش پر کچھ کہنے سے گریز کر رہی ہے۔

دہلی میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم فائنل ہوگئی ہے۔

Congress AAP Alliance: دہلی میں کانگریس اورعام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے درمیان الائنس  پراتفاق ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، عام آدمی پارٹی 4 سیٹوں پرالیکشن لڑسکتی ہے۔ کانگریس تین سیٹوں پراپنے امیدوار اتارسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کانگریس مشرقی دہلی، شمال مشرقی دہلی اورچاندنی چوک سیٹوں سے الیکشن لڑسکتی ہے۔ جبکہ عام آدمی پارٹی نئی دہلی، شمال مغربی دہلی، مغربی دہلی اورجنوبی دہلی کی سیٹوں پرالیکشن لڑسکتی ہے۔

اس سے پہلے، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینراروند کیجریوال نے بدھ کو کہا تھا کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے دہلی میں سیٹوں کے تال میل سے متعلق عام آدمی پارٹی اورکانگریس کے درمیان بات چیت میں کافی تاخیرہوئی ہے۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان یہ معاہدہ ایسے وقت میں طے پایا ہے جب بدھ کو ہی سماجوادی پارٹی اورکانگریس نے یوپی اورمدھیہ پردیش میں باضابطہ طورپراتحاد کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس یوپی میں 17 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ وہیں سماجوادی پارٹی مدھیہ پردیش میں ایک سیٹ پرالیکشن لڑے گی۔

ان ریاستوں میں کیا بنے گی بات؟

دہلی میں عام آدمی پارٹی اورکانگریس کے درمیان سیٹوں پراتفاق رائے بن گیا ہے۔ دوسری جانب، گجرات میں بھی دونوں کے درمیان الائنس ہوسکتا ہے۔ کانگریس گجرات میں بھروچ سمیت 2 سے تین سیٹیں عام آدمی پارٹی کو دے سکتی ہے۔ وہیں ہریانہ اوراسام میں کانگریس نے عام آدمی پارٹی کو ایک ایک سیٹ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ گوا میں عام آدمی پارٹی ساؤتھ گوا سیٹ چاہتی ہے، لیکن وہاں سے کانگریس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ایسے میں اس نے یہ سیٹ دینے سے انکارکردیا ہے۔

پنجاب میں الگ الگ لڑیں گی دونوں پارٹیاں

عام آدمی پارٹی اورکانگریس کے رمیان پنجاب میں بات نہیں بن پائی ہے۔ دونوں پارٹیاں الگ الگ الیکشن لڑیں گی۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ عام آدمی پارٹی ریاست کی سبھی 13 سیٹوں پراپنے امیدوار اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے روایتی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کے غرورکو ختم کردیا ہے اورتھوڑی بہت جو رہ گئی ہے، وہ اس لوک سبھا الیکشن میں تب ختم ہوجائے گی، جب عام آدمی پارٹی سبھی سیٹیں جیتے گی۔