Bharat Express

Hurriyat chief placed under house arrest: حریت سربراہ میرواعظ عمر فاروق گھر پر نظر بند، سری نگر میں نماز جمعہ کی امامت سے روکا گیا، حامیوں نے مایوسی کا کیا اظہار

اے سی سی کی بنیاد میر واعظ مولانا محمد فاروق مرحوم نے 1963 میں رکھی تھی۔ 1990 میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں میر واعظ مولانا محمد فاروق کے قتل کے بعد ان کے بیٹے میر واعظ عمر فاروق نے اے سی سی کی قیادت کی۔

حریت سربراہ میرواعظ عمر فاروق

سری نگر: کشمیر کے چیف عالم دین اور حریت کانفرنس کے چیئرمین عمر فاروق کو جمعہ کے روز گھر میں مبینہ  طور پر نظر بند کر دیا گیا اور سری نگر کی جامع مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے سے روک دیا گیا۔ سری نگر میں واقع انجمن اوقاف جامع مسجد نے جمعہ کے روز اپنے صدر عمر فاروق کی نظر بندی پر شدید مایوسی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں تاریخی مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینے اور امامت سے بھی روک دیا گیا۔

انجمن اوقاف جامع مسجد کے سربراہ میرواعظ نے ایک بیان میں کہا، ’’حکام کی طرف سے یہ من مانی اور غیر معقول کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب رمضان کا مقدس مہینہ چل رہا ہے، جو پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے روحانی طور پر بہت اہم مہینہ ہے۔‘‘

بیان میں کہا گیا، ’’جامع مسجد ایک مرکزی عبادت گاہ ہے جہاں ہزاروں لوگ جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہوتے ہیں اور خدا سے رفاقت حاصل کرتے ہیں۔ میرواعظ کو ان کے مذہبی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور ان کے خطبات سے مستفید ہونے سے عقیدت مندوں کو روکنا، لوگوں کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچاتا ہے۔‘‘ میر واعظ عمر فاروق حریت کانفرنس کے چیئرمین ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی والی عوامی ایکشن کمیٹی (اے سی سی) پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔

اے سی سی کی بنیاد میر واعظ مولانا محمد فاروق مرحوم نے 1963 میں رکھی تھی۔ 1990 میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں میر واعظ مولانا محمد فاروق کے قتل کے بعد ان کے بیٹے میر واعظ عمر فاروق نے اے سی سی کی قیادت کی۔

وزارت داخلہ نے مولوی مسرور عباس انصاری کی سربراہی والی جموں و کشمیر اتحاد المسلمین (JKIM) پر بھی غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی ہے۔

جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی بنیاد ایک شیعہ مسلم علیحدگی پسند رہنما مرحوم مولوی عباس انصاری نے رکھی تھی۔ ان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے مولوی مسرور عباس جے کے آئی ایم کے سربراہ بنے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ یہ تنظیمیں لوگوں کو امن و امان میں خلل ڈالنے کے لیے اکسا رہی ہیں، اس طرح ملک کے اتحاد اور سالمیت کو خطرہ ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ جو لوگ ملک کے امن، نظم اور خودمختاری کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے پر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read