Bharat Express DD Free Dish

INDIA bloc will present a strong alternative: اترپردیش کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، انڈیا بلاک پیش کرے گا مضبوط متبادل: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورت حال اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اتر پردیش کے آنے والے انتخابات ملک کی سیاست کو نئی سمت دیں گے۔

نئی دہلی: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کو اتر پردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود، سینئر رہنما راجندر پال گوتم اور اتر پردیش کانگریس کی صدر آرادھنا مشرا ’مونا‘ بھی موجود تھیں۔ میٹنگ کے حوالے سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی۔ انہوں نے لکھا، ’’اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورت حال اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اتر پردیش کے آنے والے انتخابات ملک کی سیاست کو نئی سمت دیں گے۔ ریاست کے عوام تبدیلی کی امید کر رہے ہیں اور سماجی انصاف، مساوی مواقع اور محروم طبقات کے حقوق کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا، ’’مجھے پورا یقین ہے کہ کانگریس پارٹی، انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر اتر پردیش کے عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی۔‘‘

دسمبر کے پہلے ہفتے سے تیز انتخابی مہم کا آغاز

میٹنگ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما راجندر پال گوتم نے کہا کہ میٹنگ کامیابی کے ساتھ ختم ہوئی ہے۔ اس کی صدارت ملکارجن کھڑگے نے کی۔ سینئر رہنما کے سی وینوگوپال، اجے ماکن اور پرینکا گاندھی بھی اس میں موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں پوری انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ہم دسمبر کے پہلے ہفتے سے تیز رفتار انتخابی مہم شروع کر رہے ہیں۔ ہماری تنظیم نچلی سطح تک کافی مضبوط ہے۔ میٹنگ میں آئندہ اسمبلی انتخابات پر بھی گفتگو ہوئی۔ سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک میٹنگ ہونی ہے۔ اس کے بعد ہی سیٹوں کی تقسیم کا فارمولا بتایا جائے گا۔

عمران مسعود بولے، سوال سیٹوں کا نہیں، جیت کا ہے

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا کہ میٹنگ میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور انتخابی مہم کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ دسمبر کے پہلے ہفتے سے ہم پوری طرح انتخابی موڈ میں آ جائیں گے۔ سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں سیٹوں پر بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اس موضوع پر کوئی گفتگو ہوئی۔ یہ تنظیمی میٹنگ تھی۔ کانگریس کتنی سیٹوں پر انتخاب لڑے گی، اس سوال پر عمران مسعود نے کہا، ’’سوال یہ نہیں ہے کہ ہم کتنی سیٹوں پر لڑیں گے، سوال ہماری جیت کا ہے۔ ہم سب مل کر کامیابی حاصل کریں گے۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read