جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی پہلی بار الیکشن لڑ رہی ہیں۔ منگل (27 اگست) کو التجا نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ اسمبلی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ آپ کو بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 10 سالوں میں پہلی بار اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کشمیر میں 18 ستمبر سے یکم اکتوبر کے درمیان انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نامزدگی کے دوران التجا مفتی نے اپنا حلف نامہ بھی داخل کیا۔ اس حلف نامے میں ان کی جائیداد، مجموعی مالیت اور سونے اور چاندی سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔جن سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ جموں و کشمیر کی بزرگ رہنما محبوبہ مفتی کی بیٹی کتنی دولت کی مالک ہیں؟
قریب 37سالہ التجا مفتی نے اگست 2019 میں سیاست میں قدم رکھا جب ان کی والدہ کو حراست میں لیا گیا۔ التجا، جو پہلی بار الیکشن لڑ رہی ہیں، نے عبدالرحمان ویری کی جگہ لی ہے، جنہوں نے اس سیٹ پر (1999 سے 2014) تک الیکشن لڑا تھا۔ آپ کو بتا دیں کہ اس بار پی ڈی پی نے اننت ناگ ویسٹ سے ویری کو ٹکٹ دیا ہے۔
نامزدگی کے دوران داخل کردہ حلف نامہ میں التجا مفتی نے اپنی آمدنی اور کل اثاثوں کی معلومات دی ہیں۔اس حلف نامے کے مطابق التجا مفتی نے مالی سال 2022-23 میں محکمہ انکم ٹیکس کو 2,50,100 روپے کی آمدنی ظاہر کی تھی۔ جبکہ 2023-24 میں ان کی آمدنی 2,51,00 روپے تھی جبکہ 2024-25 میں ان کی آمدنی 48,430 روپے تھی۔التجا کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق، ان کے پاس کل 3 لاکھ روپے نقد ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے پاس 25 لاکھ روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات بھی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی منقولہ یا غیر منقولہ جائیداد نہیں ہے۔ نہ ہی ان کے پاس کوئی گاڑی، انشورنس پالیسی، جائیداد یا مکان ہے۔ یعنی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا کے حلف نامے کے مطابق ان کا کل اثاثہ 28 لاکھ روپے ہے۔ اس حلف نامے کے مطابق ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی واجبات یا قرض ہے۔
بھارت ایکسپریس۔