سراج الدین قریشی پینل کو درگاہ اجمیر شریف کی حمایت ملی ہے۔
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر2024 کا الیکشن اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ اب سبھی پینل نے اپنی اپنی طاقت جھونک دی ہے تاکہ وہ کامیابی سے ہمکنارہوسکیں۔ اسی درمیان سراج الدین قریشی پینل کواس وقت بڑی کامیابی ملی جب درگاہ اجمیرشریف کے دیوان صاحب کے جانشین سید نصیرالدین چشتی دارالحکومت دہلی واقع حضرت نظام الدین کمیونٹی سینٹرپہنچے اورانہوں نے سراج الدین پینل کی حمایت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے بھارت ایکسپریس سے ایکسکلوزیو بات چیت میں کہا کہ سراج الدین قریشی صاحب سے میرے تعلقات بہت گہرے ہیں، اس لئے میں نے ان کی حمایت کی ہے اوردعاگو ہوں کہ ان کے پینل کو کامیابی ملے۔ درگاہ اجمیرشریف کی دیوان صاحب کے جانشین کی حمایت اوردعائیں ملنے سے سراج الدین قریشی اورصدرعہدے کے امیدوارڈاکٹر ماجد احمد تالیکوٹی کافی پُرجوش نظرآئے۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے سابق صدراوربورڈ آف ٹرسٹی کے امیدوارسراج الدین قریشی نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی اسلامک سینٹرکے تحفظ کے لئے خدمت کی ہے اوراسی وجہ سے آج بھی میں بورڈ آف ٹرسٹی کا امیدوار ہوں۔ انہوں نے جذباتی اندازمیں کہا کہ جن لوگوں کومیں نے ہمیشہ آگے بڑھایا اورمیرے ساتھ چلتے ہوئے کامیابی حاصل کی، انہوں نے ہی میری مخالفت شروع کردی اور معاملے کو عدالت تک پہنچا دیا، جس کے بعد میں نے صدرکا عہدہ چھوڑ دیا۔
سراج الدین قریشی نے ڈاکٹرماجد تالیکوٹی کی تعریف کی
سراج الدین قریشی نے صدرامیدوارڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی ملنسار، درد مند اوربامحنت ہیں، ان میں کام کرنے اورقیادت کرنے کی صلاحیت ہے، اس لئے میں نے ان کوامیدواربنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرماجد احمد انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکوآگے بڑھاسکتے ہیں اوراس کے مشن کوزندہ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام ممبران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک سینٹرکے وقارکو بچانے کے لئے ہمارے پینل کوووٹ دیجئے اورڈاکٹرماجد احمد کوکامیاب بنائیں۔
ڈاکٹرماجد احمد نے ظاہرکیا سینٹرکی خدمت کرنے کا عزم
صدرامیدواراور کینسراسپیشلسٹ ڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی نے کہا کہ درگاہ اجمیر شریف کے دیوان صاحب کے جانشین کی حمایت ملنا میرے لئے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں خدمت کرنے کے مقصد سے آنا چاہتا ہوں۔ میرا مقصد اس اہم اورباوقارعہدے پرپہنچ کرانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکو آگے لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے سراج الدین قریشی نے سینٹرکی خدمت کی ہے، میں ان کے نقش قدم پرچلتے ہوئے سینٹرکوآگے لے جاؤں گا۔