لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی۔ (فائل فوٹو)
ہریانہ اسمبلی الیکشن 2024 سے متعلق پیرکے روزککانگریس کی سینٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ ہوئی۔ اس دوران کانگریس کے سابق صدراور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے الائنس کے ساتھ الیکشن لڑںے کا اشارہ دے دیا ہے۔ میٹنگ میں انہوں نے سوال کیا کہ کیا اکیلے الیکشن لڑنے سے نقصان نہیں ہوگا۔ کیا الائنس کا کوئی امکان بن سکتا ہے؟ راہل گاندھی کے اس سوال کا جواب سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے سینئرلیڈربھوپیندرسنگھ ہڈا نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی زیادہ سیٹیں مانگ رہی ہے، اس لئے ان سے الائنس کرپانا مشکل ہے۔
راہل گاندھی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بھوپیندرسنگھ ہڈا نے کہا کہ تین سے چار سیٹیں دی جاسکتی ہیں، لیکن ان کی (عام آدمی پارٹی) خواہش بڑی ہے، اس لئے الائنس کرپانا مشکل ہے۔ حالانکہ راہل گاندھی نے پھر بھی کہا کہ انڈیا الائنس کے ووٹ تقسیم نہ ہوں، ایسی کوشش ہم سب کو مل کرکرنی چاہئے۔ آپ لوگ دیکھئے کہ کیا ممکن ہے۔ راہل گاندھی نے اس کے لئے پارٹی کے سینئر لیڈران کو ذمہ داری دی ہے تاکہ وہ اس سے متعلق فیصلہ کرسکیں۔
کانگریس-عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈران کرچکے ہیں الائنس سے انکار
کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا الیکشن ہریانہ، گجرات، دہلی اور چنڈی گڑھ میں مل کرلڑا تھا۔ حالانکہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈر ساتھ مل کرالیکشن لڑنے کی بات سے انکار کرچکے ہیں۔ ہریانہ کانگریس ریاست میں اکیلے دم پرالیکشن لڑنا چاہتی ہے۔ وہ عام آدمی پارٹی یا سماجوادی پارٹی کو سیٹیں دینے کے قطعی حق میں نہیں ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اس وقت ہریانہ میں کانگریس کا ماحول اچھا ہے اور اسے کسی الائنس کی ضرورت نہیں ہے۔
کانگریس کی کارکردگی میں آیا سدھار
لوک سبھا الیکشن 2024 میں ہریانہ میں کانگریس کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ اس نے 10 میں سے 5 سیٹوں پر جیت درج کی۔ وہیں عام آدمی پارٹی 3.94 ووٹ شیئرکے ساتھ تیسرے مقام پر رہی تھی۔ ہریانہ میں گزشتہ اسمبلی الیکشن میں کانگریس نے 90 میں سے 31 سیٹوں پرجیت درج کی تھی۔ اس کا ووٹ شیئر 28.08 فیصد تھا۔ وہیں 2014 کے الیکشن میں اسے محض 15 سیٹوں پر جیت ملی تھی۔