سعودی عرب نے 2024 کے حج کے لیے ہندوستان کو 1.75 لاکھ عازمین کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والی تازہ ترین میٹنگ میں دو طرفہ معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت اس سال 1,75,025 عازمین حج کا کوٹہ ہندوستان کیلئے مختص کیا گیا ہے۔اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے جدہ میں سعودی حج اور عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان کے ساتھ دو طرفہ حج معاہدہ 2024 پر دستخط کئے ہیں۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق حج 2024 کے لیے ہندوستان سے کل 1,75,025 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے 1,40,020 نشستیں حج کمیٹی کے ذریعے عازمین کے لیے مختص کی گئی ہیں، جب کہ 35,005 عازمین کی بکنگ پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے کی گئی ہے جو حج پر آ سکیں گے۔اسمرتی ایرانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کرکے یہ جانکاری دی ہے۔ وہ حج کانفرنس میں شرکت اور ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے 2024 پر دستخط کرنے کے لیے دو روزہ دورے پر اتوار کو جدہ پہنچی تھیں۔ جدہ ایئرپورٹ پر سفیر ڈاکٹر سہیل خان، قونصل جنرل محمد شاہد اور سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے حکام نے ایرانی کا استقبال کیا۔
Pleased to announce the formalisation of the Bilateral Haj Agreement 2024 between India and Saudi Arabia.
I, along with Hon’ble MoS for External Affairs, Shri @MOS_MEA, presided over the signing. Also engaged in productive discussions on matters of mutual interest with… pic.twitter.com/xU6eIlnzHB
— Smriti Z Irani (@smritiirani) January 7, 2024
جدہ میں ہندوستان کے قونصلیٹ جنرل نے کہا، ‘اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی حج کانفرنس میں شرکت اور دو طرفہ حج معاہدے پر دستخط کرنے جدہ پہنچ گئی ہیں۔ جدہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسمرتی ایرانی سعودی عرب کے وزیر حج اور عمرہ امور توفیق بن فوزان الربیعہ کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقات کرکےآئندہ حج سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کررہی ہیں۔اسمرتی ایرانی پیر کے روز جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی جس کا اہتمام سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ امور نے کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔