کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی (فوٹو فائل)
Sonia Gandhi Admitted To Sir Ganga Ram Hospital: کانگریس کی سابق صدرسونیا گاندھی کو دہلی کے سرگنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس درمیان گنگا رام اسپتال کی طرف سے ان کا ہیلتھ بلیٹن جاری کیا گیا ہے۔ اسپتال کے چیئرمین (بورڈ آف منیجمنٹ) ڈاکٹراجے سوروپ نے بدھ کے روزاس کی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا، یوپی اے صدر سونیا گاندھی کو آج ہمارے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وائرل ریسپریٹری انفیکشن کی نگرانی اورعلاج کے لئے انہیں چیسٹ میڈیسن محکمہ میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی نگرانی ڈاکٹراروپ باسو اوران کی ٹیم کر رہی ہے۔ اس درمیان، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اپنے بھائی راہل گاندھی کی بھارت جوڑا یاترا سے واپس لوٹ آگئی ہیں۔
اسپتال میں داخل کرانے کے وقت سونیا گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی ان کے ساتھ تھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی کی طبعیت منگل کے روز سے خراب تھی، جس کی وجہ سے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی اترپردیش میں ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے داخل ہونے پرسات کلو میٹرچلنے کے بعد منگل کی شام دہلی لوٹ آئے تھے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کانگریس ‘بھارت جوڑو یاترا’ آج صبح چھ بجے باغپت کے موی کلاں سے پھرشروع ہوئی۔ حالانکہ پرینکا گاندھی بدھ کو راہل گاندھی کے ساتھ پدیاترا میں شامل نہیں ہوئیں۔
کانگریس کی اترپردیش یونٹ کے ترجمان انشو اوستھی نے بتایا کہ راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی صبح دہلی سے موی کلاں پہنچے اور پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق یاترا 6 بجے سے ایک بار پھرشروع کی گئی۔ حالانکہ پرینکا گاندھی صبح یاترا میں شامل نہیں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:
جمعرات کو ہریانہ روانہ ہوگی یاترا
کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا منگل کے روز دوپہر بعد غازی آباد کے لونی بارڈر سے اترپردیش میں داخل ہوئی تھی۔ یہ یاترا باغپت سے شامل ہوتے ہوئے جمعرات کو ہریانہ کی طرف روانہ ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی کی یاترا ہزاروں کارکنان کے ساتھ دہلی کے کشمیری گیٹ سے منگل صبح روانہ ہوئی تھی۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی منگل کے روز ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے غازی آباد کے لونی بارڈر سے اترپردیش میں داخل ہوتے وقت سات کلو میٹر کی پیدل یاترا کرکے دہلی لوٹ گئے تھے۔ کانگریس کے صوبائی صدر اور سابق وزیر نسیم الدین صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ غازی آباد میں لونی بارڈر پر داخل ہونے کے بعد سات کلو میٹر کی پدیاترا کے بعد راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی دہلی لوٹ گئے تھے۔
-بھارت ایکسپریس