
دہلی کی شاہجہانی جامع مسجد میں نماز عید ادا کرنے کا خوبصورت منظر (فائل فوٹو)
نئی دہلی: ملک بھرمیں عید الفطرکا تہوارانتہائی خشوع وخضوع اورتزک واحتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے تمام شہروں اوردیہی علاقوں کے گاؤں کے مختلف عیدگاہوں اور مساجد میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے تزک واحتشام کے ساتھ نمازعیدالفطرادا کررہے ہیں۔ ملک میں عید الفطرکی نمازصبح فجرکی نماز کے بعد سورج طلوع ہوتے ہی شروع کی گئی جبکہ کئی حصوں میں تھوڑی تاخیرسے نماز عیدالفطرادا کی جا رہی ہے۔ وہیں دوسری جانب، انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ سڑکوں پرنمازادا کرنے پرپابندی عائد کی گئی ہے، اس لئے سڑکوں پرنمازنہیں ادا کی جا رہی ہے۔ 30 مارچ (بروزاتوار) نمازمغرب کے بعد رویت ہلال کمیٹی، عمارت شریعہ ہند، بہادرشاہ ظفرمارگ، نئی دہلی، امارت شریعہ بہار وجھارکھنڈ، پھلواری شریف، مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند، مولانا خالد رشید فرنگی محلی، شاہجہانی جامع مسجد کے امام مولانا سید احمد بخاری، فتح پوری شاہجہانی مسجد کے امام وخطیب مفتی مکرم احمد ودیگرکمیٹیوں نے چاند دیکھنے کا با ضابطہ اعلان کیا گیا۔
ملک میں عوام انتہائی جوش وخروش کے ساتھ نمازعیدالفطرادا کررہے ہیں اورایک دوسرے کومبارکباد پیش کررہے ہیں۔ عیدگاہوں اورمساجد میں کثیرتعداد دیکھی جا رہی ہے۔ اس موقع پر جہاں ایک طرف ملک میں امن وامان قائم رہنے کے لئے دعائیں کی جارہی ہیں وہیں فلسطین اورغزہ کے مظالم مسلمانوں کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔ ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں جہاں ملک میں امن وسلامتی کی دعا کی جارہی ہے وہیں اسرائیلی بربریت کاشکارغزہ کے شہریوں کی غیبی مدد کے لئے بھی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔
ملک کی مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے کیا چاند دیکھنے کا اعلان
اس سے قبل دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں کل شام (30 مارچ، 2025) کوعیدالفطرکا چاند نظرآیا، جس کے بعد مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے باضابطہ طورپراعلان کیا کہ عیدالفطر کی نماز31 مارچ (بروزپیر) کوادا کی جائے گی۔ اس طرح سے ایک ماہ پرمشتمل رمضان کا مبارک اورمقدس مہینہ ختم ہوگیا۔ دراصل اس مہینے میں مسلمانوں نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے مختلف طرح کی عبادات کیں۔ روزہ رکھنا، نماز پڑھنا، قیام اللیل کرنا، قرآن مقدس کی تلاوت کرنا اور شب قدر کی راتوں میں جاگ کراللہ کوخوش کرنے کے لئے اپنے گناہوں کی معافی مانگنا وغیرہ شامل ہے۔
ہندوستان میں رنگا رنگ ہوتا ہے عید کا تہوار
ہندوستان میں عید کا تہوار بہت رنگارنگ ہوتا ہے۔ بہت سے ہندوستانی دیہاتوں اور شہروں میں عید کے دن رنگارنگ میلے لگتے ہیں، جن میں بچوں کے کھلونے، جھولے، اور مختلف قسم کی مٹھائیاں اور پکوان موجود ہوتے ہیں۔ لوگ نئے کپڑے پہن کر اپنوں کے ساتھ عید کی نمازکے لیے جاتے ہیں اورنمازادا کرنے کے بعد ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان میں عید کے ساتھ ’’سِویّاں‘‘ بھی نہایت اہم ہیں اورتقریباً ہرگھرمیں بنائی جاتی ہیں۔ گھر کے بڑے اپنے چھوٹوں کو ’’عیدی‘‘ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی لوگ اپنے رشتے داروں، دوستوں اورپڑوسیوں کے گھرجا کرعید کی ’’سِویّاں‘‘ ضرورکھاتے ہیں۔ عید کا تہوارہندوستان میں آپسی بھائی چارے، اتحاد کا بہترین منظر پیش کرتا ہے اور پورے ملک میں خوشیاں بکھیر دیتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔