تلنگانہ حکومت نے مرکز پر زور دیا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھارت رتن سے نوازے۔ پیر کو اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران ریاستی حکومت نے مرکز پر زور دیا کہ وہ منموہن سنگھ کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازے۔ اس کے علاوہ ایوان نے ہندوستان کی اقتصادی اصلاحات میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کی تجویز کو بھی متفقہ طور پر منظور کرلیاہے۔ اس دوران تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں ان کے کردار کو بھی یاد کیا گیا۔سابق وزیر اعظم کے انتقال پر تلنگانہ اسمبلی میں تعزیتی تحریک پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ڈاکٹر سنگھ کو بصیرت افروز، ماہر اقتصادیات اور عظیم لیڈر کے طور پر یاد کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے لبرلائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور گلوبلائزیشن کی پالیسیوں کے ذریعے ملکی معیشت کو تبدیل کرنے میں سابق وزیراعظم کے کردار کو بھی یاد کیا۔
سی ایم ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے ملک کو عالمی سطح پر مضبوطی دلائی ہے۔ انہوں نے ایسے وقت میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی جب ہماری مالی حالت اچھی نہیں تھی۔ معلومات کا حق(آر ٹی آئی) اور روزگار کی گارنٹی جیسے قوانین اس کی دیرپا میراث کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس دوران مرکزی اپوزیشن پارٹی بی آر ایس نے وزیر اعلیٰ کی تجویز کی مکمل حمایت کی اور ملک کے لیے منموہن سنگھ کے تعاون کو یاد کیا۔قرارداد منظور ہونے کے بعد بی آر ایس لیڈر کے ٹی راما راؤ نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک قرارداد پاس کرے جس میں مرکزی حکومت سے دہلی میں سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی یادگار تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا جائے۔ سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کا تعلق بھی اس وقت کے آندھرا پردیش اور اب تلنگانہ سے تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا 92 سال کی عمر میں دہلی کے ایمس میں انتقال ہو گیا۔ اس کے بعد ان کی آخری رسومات کو لے کر مرکزی حکومت اور کانگریس پارٹی کے درمیان تنازعہ دیکھنے کو ملا جو ابھی تک جاری ہے۔ حکومت نے نگم بودھ میں منموہن سنگھ کی آخری رسومات کا انتظام کیا لیکن کانگریس پارٹی نے اسے ڈاکٹر سنگھ کی توہین قرار دیا۔ اس پورے واقعہ پر سیاست بھی خوب ہورہی ہے اور بیان بازیوں کا بازار بھی خوب گرم ہے۔
بھارت ایکسپریس۔