Bharat Express DD Free Dish

Bihar Election Results 2025 : نتیش کا کمال یا مودی میجک؟ این ڈی اے نے بنایا بہار کا پہلا ’’200 کلب‘‘، تقسیم کے بعد تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ

بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے حتمی نتائج نے ریاست کی سیاست میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے، جہاں این ڈی اے نے ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی بار 200 سے زائد نشستیں حاصل کر لی ہیں۔

بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے حتمی نتائج نے ریاست کی سیاست میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے، جہاں این ڈی اے نے ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی بار 200 سے زائد نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ جھارکھنڈ کی علیحدگی کے بعد بہار کے انتخابی سفر میں یہ تاریخ کا پہلا موقع ہے جب کسی اتحاد نے ’’ڈبل سنچری‘‘ پار کی ہے۔ سیاسی پنڈت اسے ’’مودی میجک‘‘ کے ساتھ ’’نتیش فیکٹر‘‘ کا مضبوط امتزاج قرار دے رہے ہیں۔

ریاست میں این ڈی اے کی شاندار واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب انتخابی مہم کے دوران اپوزیشن نے ووٹ چوری، مبینہ بے ضابطگیوں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صحت کو بڑا انتخابی مسئلہ بنایا تھا۔ اس سب کے باوجود عوام نے واضح اور فیصلہ کن مینڈیٹ دیتے ہوئے این ڈی اے کو تاریخ کی سب سے بڑی جیت سے نوازا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس شاندار جیت نے ثابت کر دیا کہ نہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقی پسند قیادت پر عوام کا غیر متزلزل اعتماد برقرار ہے بلکہ نتیش کمار کی انتظامی ساکھ بھی اب تک مضبوط رہی ہے۔

تقسیم کے بعد پہلی بار 200 پار
سال 2000 میں جھارکھنڈ کے الگ ہونے کے بعد بہار میں اب تک چھ اسمبلی انتخابات ہو چکے ہیں، مگر کسی بھی اتحاد نے 200 کے ہندسہ کو چھونے کا کارنامہ انجام نہیں دیا تھا۔ 2005 کے فروری انتخابات میں واضح اکثریت نہ ملنے پر بہار میں صدر راج نافذ کیا گیا تھا۔ اسی سال اکتوبر میں ہونے والے دوسرے انتخابات میں جے ڈی یو 88 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی تھی جبکہ بی جے پی نے 55، آر جے ڈی نے 54 اور کانگریس نے صرف نو نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی دور میں پہلی بار نتیش کمار نے بی جے پی کے ساتھ حکومت تشکیل دی تھی۔

2010 میں این ڈی اے کی مضبوط واپسی
2010 کے انتخابات میں آر جے ڈی کو بہت بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ صرف 22 نشستوں پر سمٹ کر رہ گئی، جبکہ این ڈی اے نے زبردست برتری حاصل کی اور نیّتیش کمار دوسری بار وزیر اعلیٰ بنے۔

2015 میں مہاگٹھ بندھن کا تجربہ اور دوبارہ الٹ پلٹ
2015 کے انتخابات میں آر جے ڈی، کانگریس اور جے ڈی یو نے مل کر مہاگٹھ بندھن بنایا اور اقتدار حاصل کیا، مگر 2017 میں اختلافات کے بعد جے ڈی یو نے اتحاد توڑ دیا اور نتیش نے دوبارہ بی جے پی کے ساتھ حکومت بنا لی۔

2020 میں ایک بار پھر این ڈی اے کی حکومت
2020 کے انتخابات میں بی جے پی نے 74، جے ڈی یو نے 43، وی آئی پی اور ہم نے چار چار نشستیں جیتیں اور اتحادی حکومت قائم ہوئی۔

2025 کی ’’ڈبل سنچری‘‘ نے بدلا بہار کا سیاسی منظرنامہ
لمبے سیاسی اتار چڑھاؤ، اتحادوں کے ٹوٹنے بکھرنے اور سخت مقابلے کے بعد موجودہ مینڈیٹ نے یہ واضح کر دیا ہے کہ بہار کی عوام نے تجربے، استحکام اور ترقی کے ایجنڈے کو ترجیح دی ہے۔ این ڈی اے کی ’’ڈبل سنچری‘‘ حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ ریاست کی عوام بھٹکاؤ کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے مضبوط قیادت اور بہتر مستقبل پر بھروسہ کرتی ہے۔ بہار نے ایک بار پھر ملک کو دکھا دیا ہے کہ جمہوری فیصلے ہمیشہ عوامی اعتماد اور کارکردگی کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور اس بار یہ مینڈیٹ تاریخی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read