عام آدمی پارٹی انڈیا الائنس سے کانگریس کو باہر کرانا چاہتی ہے۔
AAP vs Congress in Delhi Assembly Election 2025: دہلی میں اسمبلی الیکشن سے متعلق سرگرمی تیزہے۔ عام آدمی پارٹی اوربی جے پی کے درمیان جاری زبانی جنگ میں کانگریس نے بھی جارحانہ رخ اختیارکرلیا ہے۔ اس وجہ سے عام آدمی پارٹی کے لیڈران میں کانگریس کے تئیں زبردست ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔ دراصل، دونوں ہی پارٹیاں انڈیا الائنس کا حصہ ہیں، لیکن دہلی میں الگ الگ الیکشن لڑرہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ انڈیا الائنس سے کانگریس کو باہرکرنے سے متعلق دوسری پارٹیوں سے عام آدمی پارٹی بات چیت کرے گی۔ گزشتہ دنوں ممتا بنرجی نے انڈیا الائنس کے کنوینرعہدے پراپنا دعویٰ پیش کردیا تھا۔ تب کانگریس کی اتحادی آرجے ڈی نے بھی حمایت کی۔ حالانکہ عام آدمی پارٹی نے پتے نہیں کھولے۔ اب دہلی الیکشن سے پہلے عام آدمی پارٹی کانگریس کی مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے۔
عام آدمی پارٹی کا کیا ہے دعویٰ؟
عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ کانگریس، بی جے پی کے ساتھ مل کرکام کررہی ہے۔ اروند کیجریوال کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے سے متعلق بھی عام آدمی پارٹی میں ناراضگی ہے۔ اس سے متعلق وزیراعلیٰ آتشی اوررکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ پریس کانفرنس کر سکتے ہیں۔
کانگریس نے شکایت میں کیا کہا؟
واضح رہے کہ بدھ (25 دسمبر) کودہلی پردیش یوتھ کانگریس نے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پرجھوٹی اسکیموں کے ذریعہ راجدھانی کی عوام کوگمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ اس سے متعلق پارلیمنٹ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت دی۔ دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے کہا کہ کیجریوال اپنی جھوٹی اوردھوکہ دہی والی اسکیموں کے ذریعہ سے دہلی کے باشندوں کوگمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ دہلی کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا واضح معاملہ ہے، جوبالکل بھی قابل قبول نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی نے حال ہی میں دہلی میں 18 سال سے زیادہ عمرکی سبھی اہل خواتین کو1000 روپئے فی ماہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس۔