Bharat Express DD Free Dish

A father lost six sons in an Israeli attack: اسرائیلی حملے میں ایک باپ نے ایک ساتھ کھوئے اپنے چھ نوجوان بیٹے، کہا-کوئی بھی سانحہ اور کوئی بھی طاقت نہ ہمیں توڑ سکتی ہے اور نہ مایوس کر سکتی ہے

اسرائیلی طیاروں نے دیر البلاح کے علاقے میں شہریوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ابو مہدی خاندان کے چھ افراد بیک وقت مارے گئے۔

فلسطین پر جاری اسرائیلی حملوں کے درمیان ایک دردناک سانحے میں ایک باپ نے اپنے چھ نوجوان بیٹوں کو ایک ہی لمحے میں کھو دیا، لیکن اس کے باوجود نہایت عزم و استقلال کے ساتھ اپنے چھ بیٹوں کی نماز جنازہ ادا کرتے ہوئے فلسطین کے لیے پیہم برسرپیکار رہنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے نہ کوئی ہمیں توڑ سکتا ہے اور نہ ہماری امیدیں ختم کر سکتا ہے۔

ایک اسرائیلی فضائی حملہ، جس نے خوابوں کو چکنا چور کردیا

اپنے تازہ حملوں کے درمیان اسرائیلی طیاروں نے دیر البلاح کے علاقے میں شہریوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ابو مہدی خاندان کے چھ افراد بیک وقت مارے گئے۔ اس اسرائیلی حملے میں ابومہدی کے چھ نوجوان بیٹے، احمد، محمود، محمد، مصطفیٰ، ذکی اور عبداللہ نے اپنی جانیں گنوا دیں۔ ابومہدی نے ان کے جنازے کی نماز ادا کی، جس کی تصویر عالمی سطح پر پھیلتی اور لوگوں کو جھنجھوڑتی چلی گئی۔

اتنے بڑے نقصان پر بھی صبر کرنے والا بے مثال باپ

ان چھ نوجوانوں کے والد ابراہیم ابو مہدی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے اپنی زندگی کی سب سے قیمتی چیزیں کھو دی ہیں۔ یہ نوجوان میری امید اور امنگ تھے۔ انھوں نے اپنے وطن کی تعمیر اور بہتر زندگی کے اپنے خواب کو حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ یہ اللہ کی مرضی ہے۔ اس عظیم نقصان کے باوجود مجھے یقین ہے کہ یہ شہداء اب بہتر جگہ، جنت میں ہیں اور ان کا خون ہمارے وطن کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔‘‘ ابومہدی نے مزید کہا ’’اسرائیلی فضائی حملہ ایک بے رحمانہ دھوکہ تھا، ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔‘‘

مہلوکین کی والدہ کا دکھ

ابومہدی کی اہلیہ اور چھ جوان بیٹوں کو کھونے والی ماں نے کہا ’’وہ قابضوں کی جارحیت کے سبب اپنی جانیں گنوا بیٹھے، لیکن مجھے ان پر فخر ہے کہ وہ ایک مقدس مقصد کے لیے شہید ہوئے۔ انھوں نے ہمیشہ اپنے وطن اور سرزمین کا دفاع کیا۔ میں ہر فلسطینی سے کہنا چاہتی ہوں کہ یہ شہداء صرف میرے بیٹے نہیں، یہ پورے وطن کے بیٹے ہیں، ان کی میراث ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی اور ہم اس پرچم کو اٹھائے رہیں گے جو انھوں نے اٹھایا تھا۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read