سماج وادی پارٹی (ایس پی) اورکانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کرتنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ ایس پی کی جانب سے کانگریس کو 26 سیٹوں کی پیشکش کیے جانے کی بات سامنے آنے کے بعد کانگریس نے اسے مسترد کردیا ہے۔ اتر پردیش کے کانگریس انچارج راجندر پال گوتم نے واضح طور پر کہا ہے کہ پارٹی کو دو ہندسوں میں نہیں، بلکہ تین ہندسوں میں سیٹیں ملنی چاہئیں۔ یعنی کانگریس کم از کم 100 سیٹوں پر اپنی دعویداری سے پیچھے ہٹنے کوتیارنہیں ہے۔
دوسری طرف ایس پی کی جانب سے واضح اشارے دیے جا رہے ہیں کہ 26 سیٹوں کی فہرست تیار ہے اور بات چیت کے دوران اس میں صرف 2 سے 4 سیٹوں کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ طے ہو پائے گا یا اتحاد کی راہ مزید مشکل ہوتی جائے گی؟
کانگریس نے 26 سیٹوں کی پیشکش مسترد کردی
کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے ایس پی کی 26 سیٹوں کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیے دو ہندسوں میں نہیں، بلکہ تین ہندسوں میں سیٹیں ملنا ہی باعزت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کو سیٹوں کے معاملے میں جلد بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ عمران مسعود کی ناراضگی کو بھی انہوں نے جائز قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران مسعود سہارنپور سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور ان کی بات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ راجندر پال گوتم نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی ایس پی نے کئی سیٹوں پر اپنے امیدوار واپس لیے تھے۔ دونوں پارٹیوں کو تحمل سے کام لینا چاہیے اور سیٹوں پر حتمی فیصلہ دونوں جماعتوں کی قیادت کو کرنا چاہیے۔ کانگریس کا موقف واضح ہے کہ وہ 26 سیٹوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پارٹی کم از کم 100 سیٹوں پر انتخابات لڑنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
سماجوادی پارٹی کا جواب- 26 سیٹوں کی فہرست تیار
کانگریس کے مطالبے کے درمیان سماج وادی پارٹی کی جانب سے بھی سخت موقف اختیار کیا جا رہا ہے۔ ایس پی کے رکن پارلیمنٹ ایس پی سنگھ پٹیل نے کہا کہ 26 سیٹوں کی فہرست تیار ہوچکی ہے اور وہی رہے گی۔ تاہم، بات چیت کے دوران 2 سے 4 سیٹیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار تو اتارنے ہی ہیں، پھر پارٹی کب کام کرے گی؟ عمران مسعود پرسوال اٹھاتے ہوئے ایس پی سنگھ پٹیل نے کہا کہ انہیں خود اپنی تعریف کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کانگریس چاہے تو اپنے امیدوار اتار دے، ایس پی بھی پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس یہ سوچ رہی ہے کہ ایس پی اسے دو سے صفر پر پہنچا دے گی تو ایسا نہیں ہے کہ ایس پی پیچھے رہ جائے گی۔ انہوں نے کانگریس سے کہا کہ خود کو بھکاری نہیں بتانا چاہیے۔ ایس پی سنگھ پٹیل نے راہل گاندھی سے اکھلیش یادو کے ساتھ بات چیت کرنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی بات کریں گے تو 2 سے 4 سیٹیں مزید بڑھ سکتی ہیں، ورنہ کانگریس کو 26 سیٹوں پر ہی انتخابات لڑنے ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے اتحادیوں کے درمیان جاری کھینچا تانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی اوم پرکاش راج بھر جیسے لیڈر زیادہ سیٹوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن کانگریس کا اپنی حد سے زیادہ سیٹیں مانگنا غلط ہے۔
عمران مسعود بولے- اتحاد کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے سماجوادی پارٹی
ایس پی کی جانب سے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کیے جانے اور 26 سیٹوں کی پیشکش کو لے کر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کا یہ قدم بی جے پی کو شکست دینے کی سمت میں نہیں ہے۔ انہیں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کس بات کو لے کر فہرست جاری کی گئی ہے۔ عمران مسعود نے کہا کہ 2022 میں بھی یہی کام کیا گیا تھا۔ ایس پی کو خود سمجھنا چاہیے کہ اس طرح کے فیصلے سے کیا پیغام جا رہا ہے۔ عمران مسعود نے کہا کہ ایس پی اتحاد کے تئیں بالکل سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے سامنے کوئی پیشکش نہیں رکھی گئی ہے۔ جب دہلی میں بات چیت ہو رہی ہے اور لکھنؤ سے امیدواروں کا اعلان کیا جا رہا ہے تو پھر اتحاد کی میٹنگوں کا کیا مطلب رہ جاتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اب کانگریس کی پارٹی قیادت ہی طے کرے گی کہ آگے کیا کرنا ہے۔ عمران مسعود نے بی جے پی کو شکست دینے کی ضمانت راہل گاندھی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بی جے پی کو ہرانے کی ضمانت راہل گاندھی ہیں۔ ان کے بیان سے واضح ہے کہ کانگریس 26 سیٹوں کی پیشکش قبول کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔
ایس پی نے کہا- جیتی ہوئی سیٹوں پر اتارے ہیں امیدوار
سماجوادی پارٹی کی پہلی فہرست پراٹھنے والے سوالات کے درمیان پارٹی کے راجیہ سبھا رکن رام جی لال سمن نے دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، وہ ایس پی کی جیتی ہوئی سیٹیں ہیں اور وہاں پارٹی کے اراکین اسمبلی موجود ہیں۔ ایسے میں اتنا ہنگامہ کیوں ہورہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پارٹی کوآخرکاراپنی سیٹوں پرانتخابات تولڑنے ہی ہیں، چاہے امیدواروں کا اعلان پہلے ہو یا بعد میں۔ رام جی لال سمن نے کہا کہ ایس پی اور کانگریس کے درمیان دو دن کی بات چیت کافی مثبت رہی ہے۔ کانگریس سے ان کی اپیل ہے کہ دونوں پارٹیاں جتنا عملی اندازمیں سوچیں گی، اتحاد اتنی جلدی ہوسکے گا اور اس کے نتائج بھی اچھے ہوں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
