بنگلہ دیش میں جاری خانہ جنگی کے بیچ شیخ حسینہ اپنا ملک چھوڑ کر ہندوستان پہنچ چکی ہیں ، دہلی کے ہنڈن ایئر بیس پر شیخ حسینہ کا ہیلی کاپٹر لینڈ کیا اور کافی دیر تک وہاں شیخ حسینہ کو انتظار کرنا پڑا ۔ ذرائع کے مطابق ایئربیس پر ہی شیخ حسینہ کو محفوظ مقام پررکھاگیا ہے۔ جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، البتہ ذرائع کا کہنا ہے کچھ دنوں تک وہ دہلی میں ہی قیام کریں گی۔اس کے بعد وہ لندن جاسکتی ہیں چونکہ وہاں کی حکومت سے انہوں نے پناہ مانگی ہے ،حالانکہ حالات وہاں بھی خراب ہے،ایسے میں دوسرا آپشن حسینہ کے سامنے فن لینڈ کا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش تشدد کی آگ میں جل رہا ہے۔ تشدد کے درمیان حالات بہت خراب ہو چکے ہیں۔ ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور سرکاری املاک کو آگ لگا دی ہے۔ ملازمتوں میں ریزرویشن کے خاتمے اور وزیر اعظم شیخ حسینہ اور حکمراں جماعت کے حامیوں کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کے درمیان ہونے والے تشدد میں 19 پولیس اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سینکڑوں لوگ زخمی ہیں۔ حالات اتنے خراب ہیں کہ پورے ملک میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور انٹرنیٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اب پورے ملک میں فوج تعینات ہے۔
شیخ حسینہ اس وقت ہندوستان میں موجود ہیں۔ ان کا طیارہ ہندن ایئربیس پر اترا ہے۔ یہاں این ایس اے اجیت ڈوول نے ان سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔ ویسٹرن ایئر کمانڈ کے چیف ایئر مارشل پی ایم سنہا نے شیخ حسینہ سے ملاقات کی ہے۔ اب یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ شیخ حسینہ کے بھارت آنے سے قبل دارالحکومت دہلی میں ایک بڑا اجلاس بلایا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں را چیف، این ایس اے وغیرہ نے شرکت کی۔
خبر یہ بھی ہے کہ بنگلہ دیش سے شیخ حسینہ کے ہندوستان پہنچنے کے مشن میں وزارت خارجہ، این ایس اے، فوج، فضائیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پیر کو دوپہر 12 بجے اجیت ڈوول، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، آرمی چیف، را چیف، فضائیہ کے سربراہ اور دیگر ایجنسیوں کے سربراہوں کے درمیان ایک بڑی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ہی شیخ حسینہ کے بنگلہ دیش سے نکلنے کا لائحہ عمل بنایا گیا۔ اس کے بعد ہی وہ بنگلہ دیش سے استعفیٰ دے کر ہندوستان آگئیں۔
ایک خبر یہ بھی سامنے آئی کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پی ایم مودی سے ملاقات کی ہے۔ پیر کی شام کو ایس جے شنکر نے پی ایم مودی سے ملاقات کی اور انہیں بنگلہ دیش کی صورتحال پر اپ ڈیٹ کیا۔ اس کے علاوہ لوک سبھا میں حزب اختلا ف کے رہنما اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی وزیرخارجہ ایس جئے شنکر سے ملاقات کی ہے اور بنگلہ دیش کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔