Bharat Express

Middle East Crisis: لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 37 ہلاک، 151 زخمی، وزارت صحت نے دی جانکاری

اسرائیلی حملوں کے درمیان یورپی یونین (EU) نے لبنان کے لیے اضافی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین نے لبنان کے لیے مزید 30 ملین یورو کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے لبنان پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔

لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 37 ہلاک

بیروت: اسرائیل نے ایک بار پھر لبنان پر فضائی حملے کیے ہیں۔ وزارت صحت نے کہا کہ لبنان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔ ان حملوں میں 151 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 9 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، ماؤنٹ لبنان میں دو افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوئے، جب کہ بعلبک حرمل گورنری (صوبہ) میں نو افراد زخمی ہوئے۔

وزارت نے اطلاع دی ہے کہ بیکا کے علاقے میں دو افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوئے، جب کہ صوبہ نباتیہ میں 19 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی صوبے میں پانچ افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے۔

حزب اللہ کے ساتھ خطرناک ہو چکی جنگ میں اسرائیل نے 23 ستمبر سے لبنان پر بلا اشتعال فضائی حملے شروع کر دیے ہیں، جسے ’ایروز آف دی نارتھ کا نام دیا گیا ہے۔

8 اکتوبر 2023 سے، حزب اللہ اور اسرائیلی افواج لبنان-اسرائیل کی سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ کر رہی ہیں، جس سے وسیع تر تنازعے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، خاص طور پر جب غزہ پٹی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اسرائیلی حملوں کے درمیان یورپی یونین (EU) نے لبنان کے لیے اضافی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین نے لبنان کے لیے مزید 30 ملین یورو کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے لبنان پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔

نیا امدادی پیکج اتوار کے روز اعلان کردہ 10 ملین یورو کے علاوہ ہے، جس سے اس سال لبنان کے لیے یورپی یونین کی انسانی امداد کی کل رقم 104 ملین یورو سے زیادہ ہو گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق یہ اطلاع جمعرات کے روز لبنان میں یورپی یونین کے وفد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی پیکج فوری طور پر خوراک کی امداد، رہائش، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر ضروری مدد فراہم کرے گا۔

بھارت ایکسپریس۔