Bharat Express

Himachal Pradesh Political Crisis: ہماچل پردیش میں نہیں ختم ہوا بحران… وکرم آدتیہ سنگھ نے فیس بک پروفائل سے ’کانگریس‘ ہٹا دیا

ہماچل پردیش میں سیاسی ہلچل کے درمیان ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو حکومت سے ناراض ایم ایل اے وکرم آدتیہ سنگھ نے اپنے فیس بک پروفائل سے کانگریس لفظ ہٹا لیا ہے۔

ہماچل پردیش میں سیاسی تعطل اب بھی جاری ہے۔ وکرم آدتیہ سنگھ نے فیس بک پروفائل سے ’کانگریس‘ لفظ ہٹا دیا ہے۔

ہماچل پردیش میں گزشتہ کچھ دنوں سے سیاسی ہلچل جاری ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو اپنی حکومت بچانے میں کامیاب رہے تھے۔ تاہم انہیں کے رکن اسمبلی کی ناراضگی جگ ظاہرہوگئی ہے۔ گزشتہ دنوں ہماچل پردیش کے سابق وزیراعلیٰ ویربھدرسنگھ کے بیٹے اورموجودہ رکن اسمبلی وکرم آدتیہ سنگھ نے استعفیٰ کی پیشکش بھی کردی تھی۔ حالانکہ شام ہوتے ہی انہوں نے یہ پیشکش واپس لے لی۔ لیکن اس سے یہ تو ظاہرہوگیا تھا کہ وکرم آدتیہ سنگھ صوبے کے وزیراعلیٰ سکھویندرسنگھ سکھو سے ناراض ہیں۔ اب ناراض ایم ایل اے وکرم آدتیہ سنگھ نے اپنے فیس بک پروفائل سے کانگریس لفظ ہٹا لیا ہے۔ اس کی جگہ انہوں نے ’ہماچل کا خدمت گار‘ لکھا ہے۔

فیس بک پروفائل سے وکرم آدتیہ کا ’کانگریس‘ لفظ ہٹانا کئی بڑے سوال کھڑے کرنے لگا ہے۔ سیاسی گلیاروں میں یہ قیاس آرائی ہونے لگی ہے کہ کیا رکن اسمبلی نے پارٹی بدلنےکا پلان بنالیا ہے؟ اپنے استعفیٰ کی پیشکش کرتے وقت وکرم آدتیہ سنگھ نے میڈیا سے کہا تھا کہ موجودہ سکھو حکومت سبھی کے تعاون سے بنی ہے، لیکن اب پارٹی کے لیڈران کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دراصل، 27 فروری کو ہماچل پردیش کی ایک راجیہ سبھا سیٹ پرہوئے الیکشن میں کانگریس کے 6 اراکین اسمبلی نے کراس ووٹنگ کردی تھی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ کانگریس کے امیدوار ابھیشیک منوسنگھوی کو ہارکا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد سکھو حکومت کی کرسی ڈگمگانے لگی، لیکن اسمبلی میں بجٹ پیش کرکے وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت بچالی۔

کانگریس کے مشکل کشا ڈی کے شیو کمار پہنچے

ہماچل پردیش میں چل رہی اس سیاسی رسہ کشی کے درمیان، ہربارکی طرح کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار ناراض لیڈران کومنانے کے لئے پہنچے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سکھویندرسنگھ سکھو کے ساتھ بیٹھ کربات چیت کی، جس کے بعد ایک پریس کانفرنس کی گئی۔ اس دوران دونوں لیڈران نے کہا کہ سب ٹھیک چل رہا ہے اور ناراض لیڈران کو منا لیا گیا ہے۔ وکرم آدتیہ کا سوشل میڈیا سے اپنی پارٹی کے نام کوہٹانے کو عام نظریے سے نہیں دیکھ سکتے۔ ایسے میں کئی سوال بھی کھڑے ہوتے ہیں کہ کیا وکرم آدتیہ سنگھ اس کے ذریعہ کوئی پیغام دینا چاہتے ہیں؟ یا پھراس کے پیچھے کوئی اور ہی وجہ ہے؟ فی الحال جن 6 کانگریس اراکین اسمبلی نے کراس ووٹنگ کی تھی، انہیں معطل کردیا گیا ہے۔

-بھارت ایکسپریس

 

Also Read