Muzaffarnagar News: یوپی کے مظفرنگرمیں اسکولی بچے کی پٹائی کے وائرل ویڈیو کے معاملے میں سپریم کورٹ 9 فروری کواگلی سماعت کرے گا۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران متاثرہ فریق کی طرف سے پیش وکیل نے کہا کہ رپورٹ کل ملی ہے، اس کا مطالعہ نہیں کرپایا ہوں، لہٰذا وقت دیا جائے، جس کے بعد عدالت نے وقت دے دیا۔
اترپردیش حکومت کی طرف سے پیش وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیا اسکول بچے کے لئے کافی دور ہے۔ قریب میں کوئی اچھا اسکول نہیں ہے۔ وہیں متاثرہ فریق کے وکیل نے بھی تسلیم کیا کہ آس پاس کوئی اچھا اسکول نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگرکوئی فریق مشورہ دینا چاہتا ہے تو وہ آئندہ سماعت میں دے سکتا ہے۔
گزشتہ سماعت میں یوپی حکومت نے عدالت کو بتایا تھا کہ بچے نے سی بی ایس سی میڈیم کے اسکول میں داخلہ (ایڈمیشن) کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے حادثے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے یوپی پولیس کی جانچ اورایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر پرسوال اٹھایا تھا۔ عدالت نے جانچ کی نگرانی سینئرآئی پی ایس افسر کو دینے کا حکم دیا تھا، جو عدالت کو رپورٹ دیں گے۔
-بھارت ایکسپریس