غازی پور کے رکن پارلیمنٹ افضال انصاری۔ (فائل فوٹو)
غازی پورکی ضلع جیل میں بند سابق رکن پارلیمنٹ افضال انصاری کو ضمانت ملنے کے بعد گزشتہ دیر شام جیل سے رہا کردیا گیا۔ انہیں 90 دنوں کے بعد جیل سے رہائی ملی ہے۔ اس دوران سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے اور کئی تھانوں کی پولیس اورفورس تعینات کی گئی تھی۔ سابق رکن اسمبلی اورڈان مختارانصاری اوران کے بڑے بھائی سابق رکن پارلیمنٹ افضال انصاری کے خلاف کرشنانند رائے قتل سانحہ اور نند کشوررونگٹا کے اغوا اورقتل معاملے کو بنیاد بناکرمحمدآباد پولیس نے گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے گزشتہ 29 اپریل کو سابق رکن اسمبلی مختارانصاری کو 10 سال اورافضال انصاری کو 4 سال کی سزا سناتے ہوئے اسی دن جیل بھیج دیا تھا۔ اس کے بعد افضال انصاری کے اہل خانہ نے الہ آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کے لئے عرضی داخل کی تھی۔
ہائی کورٹ سے ملی ہے ضمانت
اسی ماہ 24 جولائی کو سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے ضمانت عرضی کو منظورکرلیا تھا۔ حالانکہ سزا پرروک نہیں لگائی گئی ہے۔ جمعرات کے روز دوپہر کے وقت ضلع انتظامیہ کو ضمانت کا لیٹرملا۔ اس کے فوراً بعد ضلع جیل پرسیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ ایک پلاٹون پی اے سی کے ساتھ کافی تعداد میں فورس تعینات رہی۔
شام کے وقت ہوئی جیل سے رہائی
کل شام کو افضال انصاری کے بھتیجے اورمحمدآباد کے رکن اسمبلی صہیب انصاری غازی پورجیل پہنچے۔ دیرشام تقریباً 7:30 بجے افضال انصاری کو جیل سے رہا کیا گیا۔ اس کے بعد صہیب انصاری کی گاڑی میں بیٹھ کرمحمدآباد اپنی رہائش گاہ کے لئے روانہ ہوگئے۔ اس دوران ان کے حامیوں کی بھی کافی بھیڑ لگی ہوئی تھی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ انچارج راکیش ورما نے بتایا کہ جمعرات کی دوپہرضمانتی خط ملنے کے بعد دیرشام افضال انصاری کو رہا کردیا گیا۔ اس دوران غازی پور ضلع کے باہر کئی پولیس اسٹیشنوں کی فورس کے علاوہ پی اے سی کے جوان بھی تعینات رہے۔
یہ ہے پورا معاملہ
واضح رہے کہ افضال انصاری کوغازی پورکی ایم پی/ایم ایل اے اسپیشل کورٹ نے 29 اپریل کو گینگسٹرمعاملے میں قصوروارقراردیتے ہوئے 4 سال کی سزاسنائی تھی۔ ساتھ ہی ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ 4 سال کی سزا ہونے کے بعد افضال انصاری کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔ حالانکہ انہوں نے سزا پر روک لگانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن سزا پر روک نہیں لگائی گئی ہے، لیکن ضمانت مل گئی ہے اور وہ 90 دنوں کے بعد رہا ہوکراپنے گھر پہنچے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔